امارات میں شدید بارشیں ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت
متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں شدید بارشوں کے بعد حکام نے سرکاری و نجی شعبے کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
نوٹیفکیشن میں ایسے محکموں کے ملازمین کو شامل نہیں کیا گیا، جو شہری دفاع، پولیس، سکیورٹی ایجنسیوں اور آفات، بحرانوں یا دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے والے محکموں سے وابستہ ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ شارجہ، راس الخیمہ اور فجیرہ میں ہنگامی صورت حال پیدا ہو چکی ہے۔
حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں تمام ہوٹلوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو اپنے خالی کمروں میں پناہ دیں اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کا محکمہ متاثرین کے لیے عارضی قیام گاہ کا فوری بندوبست کرے۔
امارات کے وزیراعظم محمد بن راشد المکتوم نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں اور ٹیموں کو متحرک رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو بارشوں کے سبب پیدا صورت حال سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔