شمالی کوریا نے امریکا کو جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دیدی

امریکا اپنی معاندانہ پالیسیوں کو جواز فراہم کرنے کے لیے شمالی کوریا کو نشانہ بنا رہا ہے

کم جونگ اُن نے سابق فوجیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کو دھمکی دی۔ (فوٹو فائل)

شمالی کوریا کی جانب سے امریکا یا جنوبی کوریا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ فوجی تنازع کی صورت میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن نے سابق فوجیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین ہم پر جزیرہ نما کوریا کو جنگ کے دہانے پر پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہیں، تاہم امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ فوجی تنازع کی صورت میں ہم جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔


1950-53 کی کوریائی جنگ کے خاتمے کی 69 ویں سال گرہ کی تقریب میں شریک سابق فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ ہماری فوجیں کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت چوکنا ہیں اور ہم اپنے جوہری ڈیٹرنٹ کو تیز رفتاری کے ساتھ اپنے مشن کے مطابق متحرک کر سکتے ہیں۔

کم جونگ اُن نے جنوبی کوریائی صدر یون سک یول کو تصادم کا شوق رکھنے والا کا نام دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنوبی کوریا کے ماضی کے رہنماؤں کے مقابلے میں زیادہ تصادم کو خواہاں ہیں۔ انہوں نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی معاندانہ پالیسیوں کو جواز فراہم کرنے کے لیے شمالی کوریا کو نشانہ بنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کے مابین موسم گرما کی عسکری مشقیں بڑھانے کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایسی دھمکیاں مذکورہ فوجی مشقوں ہی سے جڑی ہوئی ہیں۔
Load Next Story