اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب ن لیگ کا الیکشن کروانے کے طریقہ کار پر تحفظات
نئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب آج ہو رہا ہے
پنجاب اسمبلی میں نئے اسپیکر کے انتخاب اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ن لیگ نے الیکشن کرانے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
چیف وہپ ن لیگی ایم پی اے خلیل طاہر سندھو نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور پینل آف چیئرمین کو خط لکھ دیا۔
خط کے متن کے مطابق اسمبلی سیکریٹریٹ کے عملے کی جانب سے انتخابات کے عملے کے حوالے خدشات اور تحفظات ہیں، ن لیگ مطالبہ کرتی ہے کہ آج کا الیکشن آئین اور الیکشن رولز کے تحت کروایا جائے۔
عملے کی غیر جانبداری کو ہر صورت برقرار رکھا جائے کیونکہ کسی بھی غلط کام کے نتیجے میں نہ صرف جمہوریت کمزور ہوگی بلکہ اسمبلی کا نام بھی داغدار ہوگا، قانون کے مطابق سختی سے عمل نہ کیا گیا تو دیگر فورم سے رجوع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کے ممبران پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔