چین کا افغان شہریوں کو ویزے کے اجراء اور درآمدات کو ٹیکس فری کرنے کا اعلان

چینی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک سے افغانستان پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا


ویب ڈیسک July 29, 2022
چین اور طالبان حکومت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات تاشقند میں ہوئی، فوٹو: ٹوئٹر

BEIJING: چین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے افغان شہریوں کو ویزے کا اجراء دوبارہ شروع کر دیں گے جب کہ 98 فیصد افغان درآمدات کو ٹیکس فری کردیا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کےوزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس میں طالبان حکومت کے وزیر خارجہ ملا امیر متقی سے ملاقات کے دوران اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے افغان عوام کے لیے چند اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔

چین کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو افغانستان تک توسیع دینے کی حمایت کرتے ہیں اور یکم اگست سے افغان شہریوں کو ویزے کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔

چین کے وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی 98 فیصد درآمدات کو بغیر ٹیکس کے ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی اور مزید ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس سے جنگ زدہ ملک کے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچے۔



وزیر خارجہ وانگ یی نے مغربی ممالک سے افغانستان پر عائد تجارتی اور اقتصادی پابندیوں کو اُٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔

تاحال چین سمیت کسی بھی ملک نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے تاہم چند بھارت اور چین نے سفارتی دفاتر مقامی عملے کے ساتھ دوبارہ کھولنے کا عندیہ دیا ہے جب کہ دیگر ممالک نے حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے خواتین کی تعلیم اور ملازمتوں سے دیگر مطالبات سے مشروط کیا ہے۔

واضح رہے کہ طالبان کے گزشتہ برس اقتدار سنبھالنے کے بعد سے افغانستان کے مرکزی بینک کے غیر ملکی ذخائر کو منجمد کردیا گیا ہے اور امریکا سمیت کئی ممالک نے امدادی رقوم بھی روک دی ہیں جس سے افغانستان کی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں