پختونخوا میں بارش کا سلسلہ جاری دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب

انتظامیہ کی دریاؤں کے کنارے یا اس پاس رہنے والوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی خصوصی ہدایات جاری

دریائے جندی اور بعض دیگر دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، (فوٹو فائل)

کراچی:
خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔ پشاور اور اس کے مضافاتی علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کی روشنی میں پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کے متعلقہ حکام کو اگاہ کر دیا۔

دریائے کابل میں نوشہرہ اور دریائے جندی میں چارسدہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے دریاؤں کے کنارے یا اس پاس علاقوں کے مکینوں اور سیر و تفریح پر جانے والوں کو دریاؤں سے دور رہنے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے۔


پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بارشوں اورسیلاب کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے جب کہ صوبے بھر میں 188 مکانات کوجزوی اور 99 کو مکمل نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق خیبر، مانسہرہ ،دیرلوئراور بونیر کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بندکوئی تحصیل پہاڑپور میں سیلابی ریلے کو آبادی کی طرف جانے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ بندسڑکوں کوبحال کر نےکےلیے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے۔ رواں برس اب تک ایمرجنسی آپریشن سینٹرنے مختلف نوعیت کی 2 لاکھ 20 ہزار کالز موصول کی ہیں۔
Load Next Story