سیمی نے سماں باندھ دیا ویسٹ انڈیز کوانگلینڈ کے خلاف 5 وکٹ سے فتح

دوسرے ٹی20میں انگلینڈ5وکٹ سے ناکام، سیریزبھی گنوا دی،سینٹوکی کی 4 وکٹیں


AFP March 13, 2014
دوسرا ٹوئنٹی20: انگلش بولر ڈیرن بیچ ویسٹ انڈین اوپنر براوو کو آئوٹ کرنے پر خوشی سے بے قابو، دوسرے اینڈ پر موجود گیل مایوس دکھائی دے رہے ہیں

دوسرے ٹوئنٹی 20 میں ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے سماں باندھ دیا، برق رفتار 30 رنز جڑ کر ٹیم کوانگلینڈ کے خلاف 5 وکٹ سے فتح دلادی۔

تین میچز کی سیریز بھی ویسٹ انڈیز کے نام ہوگئی، اس سے پہلے کرشمار سینٹوکی نے 4 وکٹیں لے کر انگلش ٹیم کو 7 وکٹ 152 رنز پر محدود کیا، جوز بٹلر ففٹی جڑ کر بھی ٹیم کو نہ بچا پائے۔ تفصیلات کے مطابق 153 رنز کے تعاقب میں ڈیوائن اسمتھ اور کرس گیل نے ویسٹ انڈیز کو تیز آغاز فراہم کیا، اوپننگ شراکت میں 48 رنز بنے، اسمتھ نے 16 بالز پر 30 جبکہ گیل نے 30 گیندوں پر 36 رنز بنائے، جب مارلون سموئلز 28 رنز پر آؤٹ ہوئے تو اس وقت اسکور تین وکٹ پر 111 تھا، 2 اوورز بعد 116 پر پانچ وکٹیں گرچکی تھیں تاہم سیمی نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 9 بالز پر ناٹ آؤٹ 30 رنز جڑ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

ٹم بریسنن نے 2 وکٹیں لیں۔اس سے قبل ابتدائی پانچ اوورز میں انگلینڈ کے 26پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، انجرڈ اسپنر سنیل نارائن کی جگہ لینے والے لیفٹ آرم سیمر کرشمارسینٹوکی نے ٹاپ آرڈر پر تباہی ڈھائی، انھوں نے مائیکل لمب (4) اور معین علی (5) کو آؤٹ کیا، ایون مورگن (3) کو سموئل بدری نے میدان بدر کیا، اس موقع پر جوز بٹلر اور الیکس ہالز کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 76 رنز کی شراکت ہوئی، ہالز (40) کو براوو نے سمنز کا کیچ بنایا،43 بالز پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنانے والے بٹلر کو بھی سینٹوکی نے قابو کیا جبکہ روی بوپارا (14) ان کی چوتھی وکٹ بنے جس کی بنا پر انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، ڈیوائن براوو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں