ویمنز کرکٹ زخم خوردہ گرین شرٹس بھارت پر جھپٹنے کیلیے بے چین

روایتی حریف سے آج مقابلے میں ٹاپ اور مڈل آرڈر کو اعتماد کی بحالی کا چیلنج درپیش


Sports Reporter July 31, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) روایتی حریف سے آج مقابلے میں ٹاپ اور مڈل آرڈر کو اعتماد کی بحالی کا چیلنج درپیش

لاہور: کامن ویلتھ گیمز ویمنز کرکٹ میں زخم خوردہ گرین شرٹس بھارت پر جھپٹنے کیلیے بے چین ہیں۔

برمنگھم کامن ویلتھ گیمز ویمنز کرکٹ میں جمعے کی شب پاکستان کو بارباڈوس کے ہاتھوں 15 رنز سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایجبیسٹن اسٹیڈیم میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، بارباڈوس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 144 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹیں 49 رنز کے سفر میں گنوادیں، ٹیم 6 وکٹ پر 129 رنز بنا سکی، ندا ڈار کے 50رنز ناٹ آئوٹ کسی کام نہ آئے۔

غیر متوقع شکست کے صدمے سے سنبھلنے کیلیے کوشاں پاکستان کا اتوار کو اہم ترین میچ روایتی حریف بھارت سے ہوگا،پہلے میچ میں بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا نے 3وکٹ سے شکست دی تھی،گرین شرٹس کو اس مشکل چیلنج کیلیے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنا ہوگا،کافی عرصے سے کارکردگی میں عدم تسلسل کا مظاہرہ کرنے والی بیٹنگ لائن کو اعتماد کی بحالی کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں: پاکستان ویمنز ٹیم کو بارباڈوس کے ہاتھوں اَپ سیٹ شکست

ارم جاوید اور منیبہ علی پر مشتمل اوپنرز کی جوڑی کے بعد عمیمہ سہیل اور کپتان بسمہ معروف کو بھی خواب غفلت سے جاگنا ہے، ان فارم ندا ڈار ایک بار پھر امیدوں کا محور ہوں گی، پاکستان نے عائشہ نسیم کو پاور ہٹر کے طور پر تیار کیا مگر بارباڈوس سے میچ میں عالیہ ریاض کو پہلے بیٹنگ کیلیے بھیج دیا گیا، انھوں نے 24گیندوں پر صرف 14رنز بناکر فتح کی امیدوں پر پانی پھیردیا،بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔

بولنگ میں گرین شرٹس کا ٹرمپ کارڈ طوبیٰ حسن کو سمجھا جارہا تھا مگر وہ رنگ نہیں جماسکیں، عمیمہ سہیل، انعم امین اور ندا ڈار نے نپی تلی بولنگ کی،فاطمہ حسن نے 2 وکٹیں تو حاصل کیں مگر 41رنز دے دیے،مضبوط بھارتی ٹیم کیخلاف بولنگ یونٹ کے طور پر بھی پاکستان کو بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔

بھارت کے خلاف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بارہ رکنی اسکواڈ میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، کن کشن کا شکار ہونے کے باعث ندا ڈار میچ میں شرکت نہیں کریں گی انکی جگہ ایمن انور کو 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کامن ویلتھ گیمز، پاکستان ویمنز ٹیم آج پہلا میچ کھیلے گی

قومی کرکٹ ٹیم کے 12 رکنی اسکواڈ میں کپتان بسمہ معروف، منیبہ صدیقی، ارم جاوید، عمیمہ سہیل، عالیہ ریاض، عائشہ نسیم، فاطمہ ثناء، طوبہ حسن، ڈیانا بیگ، انعم امین، کائنات امتیاز اور ایمن انور بھی 12 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گی۔

قبل ازیں ندا ڈار بارباڈوس کے خلاف میچ میں سر پر گیند لگنے کے باعث کن کشن کا شکار ہوئی تھیں تاہم انکی طبعیت میں اب بہتری آرہی ہے جبکہ پانچ روز آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بھارتی ٹاپ آرڈر میں سمرتی مندانا، شفالی ورما، یستیکا بھاٹیہ اور ہرمن پریت کور جیسی ان فارم بیٹرز موجود ہیں،جمیا روڈریگز بھی جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتی ہیں، لوئر آرڈر مزاحمت کرسکتی ہے،آسٹریلیا کی 4وکٹیں اڑانے والی رینوکا سنگھ زبردست فارم میں ہیں،دیپتی شرما اور رجیشوری گائیکواڈ پر قابو پانا گرین شرٹس کیلیے چیلنج ہوگا، رادھا یادو ٹیم کی کمزور کڑی ثابت ہوسکتی ہیں۔

یاد رہے کہ ابھی تک دونوں ٹیمیں 11ٹی ٹوئنٹی میچز میں مقابل ہوئی ہیں،بلو شرٹس نے 9اور گرین شرٹس نے صرف 2جیتے۔

دوسری جانب ہاکی ایونٹ سے کوئی اچھی خبر سامنے نہیں آسکی، پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ 2-2 گول سے برابر رہا، پہلے کوارٹر کے 14ویں منٹ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے بائوچر نے شارٹ کارنر کے ذریعے گیند کو جال میں پھینکا، 25 ویں منٹ میں پاکستان کے رضوان علی نے اسی انداز میں گول سے مقابلہ برابر کردیا۔

مزید پڑھیں: کامن ویلتھ گیم میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، پہلے ہی روز 6 کھلاڑی باہر

جنوبی افریقہ نے چوتھے کوارٹر میں دوبارہ برتری حاصل کرلی، کھیل کے آخری لمحات میں پاکستان کی جانب سے فراز نے گول کر کے مقابلہ 2-2سے برابر کردیا، گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں