مصر میں تمام مساجد کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ

امام سرکاری خطبہ پڑھنے کے پابند ہونگے، قواعد وضوابط وضع کرنے کے احکام جاری کر دیے، وزیر اوقاف


News Agencies/AFP March 13, 2014
امام سرکاری خطبہ پڑھنے کے پابند ہونگے، قواعد وضوابط وضع کرنے کے احکام جاری کر دیے، وزیر اوقاف۔ فوٹو اے ایف پی

ISLAMABAD: مصر میں مساجد پر مذہبی جماعتوں کی اجارہ داری ختم کرنے کیلیے ملک بھر کی مساجدکو محکمہ اوقاف نے اپنی تحویل میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔

آئمہ کیلیے نیا ضابطہ اخلاق وضع کیا جائے گا، مساجد میں چندہ جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔ آئی این پی نے غیر ملکی خبررساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ مصری وزیر اوقاف ڈاکٹر محمد مختار جمعہ نے سرکاری خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ ملک کی تمام جامع اورغیر جامع مساجدکومحکمہ اوقاف کی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارت اوقاف کے محکمہ مساجد و مدارس امور کو مقررہ وقت میں قواعد وضوابط وضع کرنے کے احکام جاری کر دیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر مختار نے کہا کہ امام یا مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیرکوئی شخص مسجد کے منبر پر خطبہ دے سکے گا اور نہ درس وتدریس یا تبلیغ کرے گا۔

مسجد میں تقریر اور خطبہ حکومت کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق ہو گا، ہر مسجد میں ایک تحریری خطبہ فراہم کیا جائے گا اور امام اسی خطبے کو پڑھنے کے پابند ہوں گے۔اے ایف پی کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ سابق صدر مرسی کی معزولی کے بعد سے اخوان المسلمین مساجد کو اپنی سرگرمیوں کیلیے استعمال کررہی ہے اور رضاکار بھی مساجد میں تبلیغ کے ذریعے بھرتی کیے جارہے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق وزارت اوقاف کی جانب سے جنرل ہیڈ کواٹرز اور ضلعی دفاتر کو بھی مطلع کر دیا گیاکہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام مساجد کو محکمہ اوقاف کے زیر انتظام لانے کیلیے تیاریاں شروع کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں