ہالی ووڈ کی پہلی سُپر اسٹار’مارلن منرو‘ کی زندگی پر بننے والی فلم کے چرچے

فلم میں اداکارہ ’ اینا ڈی آرماس‘ نے مارلن منرو کا کردار ادا کیا ہے


ویب ڈیسک August 01, 2022
شائقین کی جانب سے فلم کے ٹریلر کو خوب پسند کیا جارہا ہے(فائل فوٹو)

مارلن منرو نے کہا کہ وہ صرف اسکرین پر اس کردار کو خوب مہارت سے نبھاتی ہیں، ڈریسنگ روم سے باہر آنے کے بعد وہ صرف نورما جین ہیں اور وہ مارلن منرو کا کردار مزید نہیں نبھا سکتیں۔

ہالی ووڈ کی مقبول ترین، خوبرو اور پہلی سپر اسٹار کا درجہ رکھنے والی آنجہانی اداکارہ نورما جین المعروف مارلن منرو نے اپنی زندگی میں دیئے ایک انٹرویو کے دوران ایسا کیوں کہا اور وہ اپنی نجی زندگی میں کس طرح کے نفسیاتی مسائل سے دوچار تھیں ان سب واقعات کی عکسبندی مارلن منرو کی زندگی پر بنائی گئی نیٹ فلکس کی نئی بائیوپک فلم 'بلانڈ' میں کی گئی ہے۔

آنجہانی اداکارہ پر بننے والی فلم'بلانڈ' 2000 میں جوائس کیرل اوٹس کی جانب سے تحریر کردہ ناول کی کہانی پر مبنی ہے جس کے ہدایتکار اینڈریو ڈومینک ہیں جبکہ فلم میں ہالی ووڈ کی اداکارہ ' اینا ڈی آرماس' نے مارلن منرو کا کردار ادا کیا ہے۔




فلم کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے جس کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہو رہے ہیں اور شائقین فلم اس کی ریلیز کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں،فلم رواں سال23 ستمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔


واضح رہے کہ 1950 سے 1960 کی دہائی میں دنیا کے کروڑوں افراد کے دلوں اور ہالی ووڈ فلم انڈسٹری پر اکیلے راج کرنے والی مارلن منرو کی بائیوپک میں ہالی ووڈ انڈسٹری میں ان کا عروج، ان کی زندگی میں پیش آنے والے یادگار واقعات اور ان کی نجی زندگی کے دکھ بھری لمحات کو فلمایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں