خیبرپختونخوا حکومت کا نسوار پر ٹیکسز میں کمی کا فیصلہ

تجارت کو منظم کرنے کے لیے صوبائی اسمبلی نے تجارتی شماریات ایکٹ 2022ء کی منظوری دے دی


ویب ڈیسک August 01, 2022
نسوار پر ٹیکس سے حکومت کو بڑی آمدن بھی نہیں ہورہی تھی، صوبائی وزیر (فوٹو فائل)

ISLAMABAD: خیبر پختونخوا حکومت نے تمباکواور نسوار پر عائد ٹیکسوں میں کمی کافیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں فنانس ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترمیمی بل میں نسوار پر ٹیکس 5 روپے سےکم کرکے ڈھائی روپے کرنے اور ورجینا تمباکو پر ٹیکس ڈیوٹی کی شرح 6 روپے کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سفید پتہ اور رسٹیکا تمباکو پر ڈیوٹی کی شرح 3 روپے فی کلو کم کرنے کی تجویز بھی فنانس ترمیمی بل میں شامل ہے۔

دوسری جانب نسوار اور تمباکو پر عائد ٹیکس میں کمی پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سمجھتے ہیں کہ حکومت ان چیزوں پر پیسہ کما رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسوار پر ٹیکس میں اضافے کا مقصد نسوار کے نشے کی حوصلہ شکنی کرنا تھی۔ نسواراتنا بڑا نشہ نہیں ہے کہ جس سے مشکلات پیدا ہوں۔ عوام چاہتے ہیں کہ نسوار کے ریٹ کم ہوجائیں۔ نسوار پر عائد ٹیکس سے حکومت کو بڑی آمدن بھی نہیں ہورہی تھی۔

دوسری جانب کے پی حکومت نے صوبے میں تجارت کو منظم کرنے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کا فیصلہ بھی کرلیا۔ اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی نے تجارتی شماریات ایکٹ 2022ء کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق صوبہ بھر کے تاجر اپنے کاروبار کی تفصیل دینے کے پابند ہوں گے۔

ایکٹ کے مسودے کے مطابق کاروبار کا لین دین،اشیاکی قیمتیں اور معلومات چھپانا اب جرم تصور ہوگا۔ شماریاتی اتھارٹی کے اہلکار کسی بھی وقت کاروباری معلومات حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔ تاجر برادری مانگی گئی تفصیلات ادارے کوفراہم کرنے اور کاروبار کا ریکارڈ رکھنے کی پابند ہوگی۔

مسودے کے مطابق غلط بیانی یا معلومات کو چھپانے پر مجوزہ قانون کے تحت 6 دن تک قید یا5لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |