جرمنی انفرا اسٹرکچر کیلئے پاکستان کو 175کروڑ یوروفراہم کرے گا
گرانٹ کا مقصد مستحق کمیونٹیز کی زندگیوں میں پائیدار اور دیرپا مثبت اثرات مرتب کرنا ہے,
ISLAMABAD:
جرمن حکومت ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے علاقائی انفراسٹرکچر فنڈ فیزٹومنصوبے کے لیے حکومت پاکستان کو ایک کروڑ 75 لاکھ یورو کی گرانٹ فراہم کرے گی۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حکومت پاکستان اور جرمنی کے درمیان علاقائی انفرااسٹرکچر فنڈ فیز ٹو کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان پر طے پائے جانے والے معاہدہ پر دستخط ہوگئے ہیں۔"ریجنل انفراسٹرکچر فنڈفیز ٹو برائے خیبرپختونخوا فار ریزیلینٹ ریسورس مینجمنٹ ان سٹیز" نامی پراجیکٹ پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی تقریب میں وزارت اقتصادی امور کے وفاقی سیکرٹری اسد حیاء الدین اور کے ایف ڈبلیو (جرمن بینک برائے ترقی) کے کنٹری ڈائریکٹر سیباسٹین جیکوبی نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت جرمن حکومت ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے علاقائی انفراسٹرکچر فنڈ (فیز II)منصوبے کے لیے حکومت پاکستان کو ایک کروڑ 75 لاکھ یورو کی گرانٹ فراہم کرے گی، جرمن حکومت کے فراہم کردہ فنڈز سے ترقیاتی بینک صوبہ خیبر پختونخواہ کے دو اضلاع میں کمیونٹی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، استعداد کار اور خدمات کی فراہمی میں بہتری، شہریوں کی شرکت اور مساوات اور کنسلٹنٹ اور ہنگامی خدمات میں خیبر پختونخوا حکومت کی مدد کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق منصوبے کا مقصد منتخب تحصیل، قصبوں میں شراکتی نقطہ نظر کے ساتھ ایک مربوط، کثیر شعبہ جاتی، لچکدار، اور پائیدار پانی اور ٹھوس فضلہ کے انتظام کو متعارف کرانا ہے۔
جرمن بینک برائے ترقی کے کنٹری ڈائریکٹر سیباسٹین جیکوبی کا کہناہے کہ جرمن بینک کے ایف ڈبلیوگورننس سیکٹر میں حکومت پاکستان کی فعال مدد کر رہا ہے بینک کی کوششوں کے نتیجے میں مستحق کمیونٹیز کی زندگیوں میں پائیدار اور دیرپا مثبت اثرات مرتب ہوں گے قدرتی آفات کی وجہ سے غربت اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزارت اقتصادی امور اسد حیاءالدین نے جرمنی کی حکومت کا پاکستانی عوام سے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری آنے والی نسلوں کے لیے بہتر اور صحت مند مستقبل کا باعث بنے گی۔