وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون لاپتا فوجی افسران کیلیے اظہار تشویش

فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال بن کر سامنے آئے، دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں، شہباز شریف


ویب ڈیسک August 02, 2022
وزیراعظم نے آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کیں (فوٹو فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں انہوں نے گزشتہ روز ہیلی کاپٹر میں لاپتا ہونے والے فوجی افسران کے لیے تشویش کا اظہار کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نے آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کیں اور 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت فوج کے 6 افسران اور جوانوں کی سلامتی سے متعلق اپنی فکرمندی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بہترین پروفیشنل اور نہایت اچھے انسان ہیں۔ دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وطن کے ان بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے۔ آرمی چیف سے گفتگو میں وزیراعظم نے سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔ یہ ہے اپنے بھائیوں، بہنوں، بچوں کی خدمت کا وہ عظیم جذبہ جو پاکستان کی حقیقی طاقت ہے ۔

آرمی چیف نے گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں