سرفراز احمد کو دورہ سری لنکا میں موقع ملنا چاہیے تھا شاہد آفریدی

محمد رضوان فارم میں نہیں انہیں کچھ وقت کیلئے آرام کروانا چاہیے، آل راؤنڈر

(فوٹو: ٹوئٹر) محمد رضوان فارم میں نہیں انہیں کچھ وقت کیلئے آرام کروانا چاہیے، آل راؤنڈر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے دورے کے دوران سرفراز احمد کو اسکواڈ میں موقع ملنا چاہیے تھا۔


نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پلیئنگ الیون میں اگر کسی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہو تو کھلاڑیوں کو تیار ہونا چاہیے، اس طرح پلئیر صلاحتیں دکھانے پر مجبور ہوتا ہے۔



انہوں نے کہا کہ اگر محمد رضوان پرفارم نہیں کر رہے ہیں تو شاید سرفراز احمد کو سری لنکا کے دورے میں موقع دیا جاسکتا تھا، بنچ جتنا مضبوط ہوگا، کھلاڑی اپنی کارکردگی کے بارے میں اتنا ہی محتاط ہوگا۔


آل راؤنڈر نے کہا کہ گزشتہ تین ٹیسٹ میچوں میں محمد رضوان نے 0، 19، 40، 24 اور 37 رنز بنائے ہیں، ان کی فارم خراب چل رہی ہے انہیں کچھ وقت آرام کروانا چاہیے تاکہ وہ بہترین کم بیک کرسکیں۔


تعصب کے حوالے سے گفتگو


سابق کپتان نے قومی ٹیم میں تعصب پسندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں یہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے، 'یہ لڑکا کراچی کا ہے، یا یہ لڑکا لاہور کا ہے'، مجھے نہیں لگتا کہ یہ چیزیں ہونی چاہئیں، انسان کے بچے بن جائیں گے تو بہتر ہے۔

Load Next Story