اختیارات میں کمی پشاور میں بلدیاتی نمائندوں کا اسمبلی کے باہر دھرنا

احتجاج میں اے این پی، مسلم لیگ، جے یو آئی، جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں میئر کی سربراہی میں متحد ہوگئیں

فوٹو: فائل

BEIJING:
پشاور میں تمام سیاسی جماعتوں کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اختیارات میں کمی اور فنڈز کے عدم اجراء کے خلاف صوبائی اسمبلی کے باہر دھرنا دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں بلدیاتی نمائندوں نے اختیارات میں کمی اور فنڈز کے عدم اجراء کے خلاف صوبائی اسمبلی کے مرکزی دروازے کے باہر دھرنا دے دیا جس کے بعد صوبائی اسمبلی میں آمد و رفت بند ہوگئی۔


ضلع بھر کے بلدیاتی نمائندوں یونین کونسل ممبران نے اسمبلی چوک میں احتجاج کیا جس کے سبب دونوں اطراف کی سڑکیں بند ہوگئی۔ احتجاج میں اے این پی، مسلم لیگ، جے یو آئی، جماعت اسلامی، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر پارٹیوں کے یونین کونسل چیئرمینوں نے شرکت کی جب کہ احتجاج کی قیادت مئیر پشاور زبیر علی اور 6 تحصیلوں کے چیئرمین نے کی۔

مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نظام کو ناکام بنانے کے لیے پے درپے احکامات جاری کررہی ہے، صوبائی حکومت آئے روز بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کم کرکے انہیں ڈی سی اور اے سی کے ماتحت کرنے کے در پے ہے، حکومت کے اقدامات نظام کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

میئر پشاور نے مزید کہا کہ 8 ماہ گزرنے کے باوجود ہمیں اختیارات نہیں مل رہے، اگلے مرحلے کے لیے وزیراعلی ہاؤس، وزیر بلدیات اور بنی گالہ میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔
Load Next Story