چلی میں اچانک 25 میٹر وسیع اور 200 میٹر گہرا گڑھا نمودار

ملک کے شمال میں تانبے کی کان کے قریب ایک غیرمعمولی گڑھا بننے سے خوف و ہراس پھیل گیا

چلی میں تانبے کی کان کے پاس ایک پراسرار گڑھا نمودار ہوا ہے جو 25 میٹر چوڑا اور 200 میٹر گہرا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

ماہرین اس وقت حیران رہ گئے جب چلی میں تانبے کی ایک کان کے قریب بہت کم وقت میں ایک گڑھا (سنک ہول) نمودار ہوا ہے جو 25 میٹر چوڑا اور 200 میٹر گہرا ہے۔

کینیڈا کی ایک کمپنی لیونڈن مائننگ نے دارالحکومت سان تیاگو سے 665 کلومیٹر دور تانبے کی کان سے دھات نکالنے کا کام کیا تھا جس کے بعد یہاں سے کچھ دور بے آب و گیاہ علاقے میں ایک گڑھا دیکھا گیا ہے۔ قومی ادارہ برائے ارضیات اور کان کنی کے مطابق ہفتے کے روز اس گڑھے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے بعد ماہرین یہاں آئے۔ ادارے کے سربراہ ڈیوڈ مونٹینیگرو نے بتایا کہ گڑھے کی مجموعی گہرائی 656 فٹ ہے۔




یہ گڑھا ٹائرا امریلا نامی قصبے میں پیش آیا ہے جہاں اطراف کے علاقے کو عوام کے لیے بند کیا گیا ہے اور ذرائع ابلاغ میں اس کی فضائی تصاویر ہی مشہور ہیں۔



تاہم کان کن کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس دوران کسی کان کن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ دوسری جانب یہ گڑھا بھی مستحکم ہے جس میں مزید ٹوٹ پھوٹ کے آثار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے کے بعد فوری طور پر علاقے کو بند کر دیا گیا اور متعلقہ ادارے کو اطلاع دی گئی تھی۔

اس کے بعد متعلقہ اداروں نے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
Load Next Story