شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ آبائی علاقوں میں ادا آرمی چیف کی بلوچستان میں شرکت

لیفٹیننٹ جنرل سرفراز، میجر جنرل امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد اور میجر محمد طلحہ کی نماز جنازہ شام 5:30 بجے ادا ہوگی


ویب ڈیسک August 03, 2022
آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن ادا کی

کراچی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز نمازہ ادا کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا اور دیگر اہم و عسکری شخصیات کے علاوہ عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں فوجی افسران کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف زیارت میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لیئق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے بھی ملے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام 6 افسران شہید

نماز جنازہ کے بعد لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہیدکا جسد خاکی راولپنڈی روانہ کردیا گیا۔ واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ آج شام ساڑھے پانچ بجے آرمی قبرستان راولپنڈی میں بھی ادا کی جائے گی، جس کے بعد شہدا کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی۔

علاوہ ازیں میجر جنرل طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی، جس میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور کور کمانڈر راولپنڈی ساحر شمشاد نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا میجر محمد سعید کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی۔ نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ نارووال میں ادا کی گئی۔ تینوں شہدا کی تدفین کے وقت انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ راولپنڈی کے ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، جس میں صدر پاکستان سمیت اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی پولیس نے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کردیا، جس کے تحت راولپنڈی اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں مری روڈ، ائرپورٹ روڈ، پشاور روڈ پر مسلح اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں جب کہ نماز جنازہ کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں حادثے کا شکار ہونے والے پاک فوج کے لاپتا ہیلی کاپٹر کا ملبہ گزشتہ روز مل گیا تھا، جس میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام 6 افسران و جوانوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں