جونیئر لیگ ٹائٹل اسپانسرکیلیے 25 فیصد سے بھی کم کی آفر

بورڈنے 3 سال کے تقریباً 45 کروڑ رکھے،دونوں کمپنیز نے 9 ،9کی آفردی

1 ڈس کوالیفائی، کل ری بڈنگ ہوگی، بڑی کمپنیز نے بولی میں حصہ ہی نہیں لیا۔ فوٹو: پی سی بی

ISLAMABAD:
پاکستان جونیئر لیگ کیلیے ٹائٹل اسپانسر کی بڈ میں ریزرو پرائس کے 25 فیصد کی پیشکش بھی نہ مل سکی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے ڈریم پروجیکٹ پی جے ایل کا پہلا ایڈیشن اکتوبر میں ہونا ہے، پی ایس ایل کو بھلا کر بورڈ کی تمام تر توجہ ان دنوں اسی ایونٹ پر مرکوزہے، گذشتہ دنوں ٹائٹل اسپانسر کی بڈز کھلنے سے امیدوں کو بڑا صدمہ پہنچا، پی سی بی نے 3 سال کیلیے ریزرو پرائس تقریبا45 کروڑ ) 44 کروڑ80 لاکھ روپے) رکھی، اسے امید تھی کہ بڑی بڑی کمپنیز اس میں حصہ لیں گی مگر ایسا نہ ہوا۔


مجموعی طور پر تین کمپنیز نے بڈنگ میں حصہ لیا، ان میں پاکستان کرکٹ میں طویل عرصے سے سرگرام ٹرانس ورلڈ کے ساتھ سروسز انڈسٹریز اور فور مین ایونٹ مینجمنٹ شامل تھیں، سروسز کو بڈ سیکیورٹی جمع نہ کرانے پر ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔

اب میدان میں 2پارٹیز باقی رہ گئیں، دونوں نے ہی 3 سال کیلیے 9،9 کروڑ روپے کی بڈ دی، ایک سال کی رقم 3 کروڑ بنتی ہے جو ریزرو پرائس کا 25 فیصد بھی نہیں، صورتحال سے مایوس کرکٹ بورڈ نے دونوں پارٹیز کو ریزرو پرائس سے آگاہ کرتے ہوئے نئی بڈ جمع کرانے کا کہا جو جمعے کو کھلے گی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دنوں مارکیٹ دبائو کا شکار ہے، ڈالر کی قدر بڑھنے سے بھی مسائل ہوئے ہیں، پھر یہ جونیئر کرکٹرز کا ایونٹ ہے اس میں پی سی بی کو 45 کروڑ روپے کون دے گا، پی جے ایل سے بڑے مالی فوائد کا خواب حقیقت پسندانہ نہیں لگتا ہے۔
Load Next Story