منشیات اسمگلنگ کیس روس میں امریکی باسکٹ بال اسٹار کو 9 سال قید کی سزا

امریکی صدر جو بائیڈن نے سزا کو ناقابل قبول قرار دے دیا

—فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں روسی عدالت کی جانب سے باسکٹ بال اسٹار برٹنی گرائنر کو سنائی گئی 9 سال کی سزا کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ آج امریکی شہری برٹنی گرائنر کو جیل کی سزا سنائی گئی جو اس بات کی تصدیق ہے کہ روس برٹنی کو غلط طریقے سے حراست میں لے رہا ہے اور یہ ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ برٹنی گرائنر کو فوری طور پر رہا کرے تاکہ وہ اپنی اہلیہ، اپنے دوستوں کے ساتھ رہ سکے۔ جوبائیڈن نے مزید کہا کہ 'میری انتظامیہ برٹنی گرائنر اور پال وہیلن کو جلد از جلد بحفاظت گھر پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔


خیال رہے کہ برٹنی گرینر کو 17 فروری کو ماسکو کے شیرمیٹیوو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک گرام سے کم بھنگ کے تیل کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ جس کے بعد روسی عدالت نے اسے 9 سال قید اور 10 لاکھ روبل جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

دوسری جانب برٹنی گرائنر نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلدی میں پیکنگ کی وجہ سے یہ "ایک احمقانہ غلطی" کر بیٹھے۔

امریکی حکام کا کہنا برٹنی گرائنر کو غلط طریقے سے حراست میں لیا گیا اور اس نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ یہ خدشہ بڑھ رہا ہے کہ یوکرین پر روس کی جنگ کے بعد کریملن اور بائیڈن انتظامیہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اسے سیاسی پیادے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

 
Load Next Story