برسات سے قبل سیوریج نظام کو درست کیا جائے عبدالوسیم

واٹر بورڈ اپنی کارکردگی بہتر بنائے،محمد رئیسی

واٹر بورڈ اپنی کارکردگی بہتر بنائے،محمد رئیسی،عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلیے کوشاں ہیں،ساجد احمد

رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم نے کہا ہے کہ عوام کو شہری سہولیات مہیا کرنا حق پرست قیادت کا شعار ہے، وہ بلدیہ وسطی نیو کراچی زون حلقہ NA 243 میں اپنے خصو صی فنڈز سے سندھی ہوٹل لاڑکانہ بیکری سے لیاری ندی تک تنصیب کی جانے والی48 انچ قطر کی سیوریج لائن کی تنصیب کے کام کا معائنہ کررہے تھے۔


اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی نذیر لاکھانی،میونسپل کمشنر کمال مصطفیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، عبدالوسیم نے ہدایت جاری کی کہ برسات سے قبل سیوریج کے نظام کو ٹھیک کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ جنوبی محمد رئیسی نے کہا ہے کہ فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے عوام کو نجات دلانے کیلیے بلدیہ جنوبی میں موجود واٹر بورڈ کے افسران و عملہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

ایڈمنسٹریٹر محمد رئیسی نے کہا کہ لیاری زون میں عوام کی ضرورت کے مطابق پانی فراہم نہیں کیا جارہا ہے، انھوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لیاری میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہا ہے کہ حق پرست نمائندگان بلا تفریق بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے عملی جدوجہد کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے قائد آباد میں سیوریج لائن، گلیوں میں سی سی فلورنگ اور مین روڈ پر کارپیٹنگ کے تکمیلی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، رکن صوبائی اسمبلی نشاط قادری نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جائیں۔
Load Next Story