عمران خان نے فارن فنڈنگ کے عوض کشمیر کا سودا کیا وزیراطلاعات

عمران خان نے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں خیرات منگوائی اور پھر اسے سیاست کے لیے استعمال کیا، مریم اورنگزیب

فوٹو فائل

وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی ملازمین کے ذاتی اکاؤنٹس میں خیرات کا پیسہ منگوا کر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا اور کشمیر کا سودا کر کے غیرملکی فنڈنگ لینے کا عہد پورا کیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ منگوائی اور یہ اکائونٹ اس لئے ڈیکلیئر نہیں کئے کیونکہ یہ چوری کا پیسہ تھا، یہ خیرات کی رقم پی ٹی آئی کے ملازمین کے ذاتی اکاؤنٹس میں منگوائی گئی جسے سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں مشکلات کھڑی کرتے رہے اور پھر دعویٰ کیا کہ یہ تکنیکی معاملہ ہے اور مجھے معلوم نہیں تھا کہ میری پارٹی کے ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسہ آتا رہا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو اوورسیز پاکستانیز نے خیرات کے پیسے دیئے، سمندر پار پاکستانیوں نے عمران خان کو فلڈ فنڈ میں بھی پیسہ دیا، جسے عمران خان نے سیاست کے لئے استعمال کیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو معلوم تھا کہ یہ پیسہ کہاں سے آ رہا ہے، وہ دو (پاکستانی اور پی ٹی آئی) جھنڈے رکھ کر دعویٰ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن جھوٹ بول رہا ہے،عمران خان کہتے ہیں کہ یہ ان کی بہت بڑی غلطی تھی کہ انہوں نے سکندر سلطان راجہ کو چیف الیکشن کمشنر لگایا۔

وزیراطلاعات نے سوال کیا کہ کیا عمران خان نے سکندر سلطان راجہ کو الیکشن کمشنر اس لیے تعینات کیا تھا کہ وہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ دے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان فارن ایجنٹ ہیں، انہوں نے فارن فنڈنگ لی ہے، الیکشن کیشن میں جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا ہے، عمران خان کی تحریک انصاف فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر ہوئی ہے۔


مزید پڑھیں: پی ٹی آئی فنڈنگ کیس؛ ایف آئی اے نے اسد قیصر اور محمود الرشید کو طلب کرلیا

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بات سننے والے لوگوں کو عمران خان سے یہ سوال پوچھنا ہوگا کہ وہ اس فارن فنڈنگ کے ساتھ کیا کرتے رہے ہیں؟، عمران خان نے 2008ء سے 2013ئ، 2013ء سے 2018ء اور 2018ء سے 2022ء تک فارن فنڈنگ کے ذریعے ملک میں سازشی منصوبہ لانچ کیا، جس کا آغاز 2008ء سے ہوا، پھر اسی کے ذریعے 2013 میں پارلیمانی نظام اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے سی پیک کو روکنے کی کوشش کی، یہ وہ اہداف تھے جن کی عمران خان نے فارن فنڈرز کے ساتھ کمٹمنٹ کر رکھی تھی، عمران خان نے ملک کے اندر سول نافرمانی کی کال دی، آج بھی ان کا یہی رویہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو جب وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا تو اس وقت ملک کی ترقی کی شرح 6 فیصد تھی، ملک میں سی پیک کے تحت منصوبے چل رہے تھے، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا تھا، لوگوں کو روزگار مل رہا تھا، ملک کو سفارتی سطح پر کامیابیاں مل رہی تھیں، نواز شریف کو اس وقت ملک سے نکال کر بلنڈر کیا گیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ لے کر سی پیک منصوبہ روکا، کشمیر کا سودا اور ملکی ترقی کی شرح کو منفی کرنے کا عہد پورا کیا، عمران خان نے نوجوانوں کو بے روزگار کیا، ملک میں نفرت، سیاسی عدم استحکام پیدا کیا، میڈیا کے لوگوں کو قید کیا۔


وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج ہر پاکستانی کو یہ بات سمجھنا ہوگی کہ آج ملک میں حالات ہیں ان کا ذمہ دار عمران خان ہے، کیوں ملک میں سی پیک بند ہوا، عمران خان نے ملک کو سفارتی محاذ پر کیوں تنہاء کیا؟ یہ وہ ریوارڈز تھے جو عمران خان نے فارن فنڈرز کو دینے تھے۔
Load Next Story