پیرپگارا نے بھی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخدوم امین فہیم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ فوٹو: فائل
پیپلز پارٹی كے مركزی رہنما وركن قومی اسمبلی مخدوم امین فہیم نے كہا ہے كہ پیپلز پارٹی كی حكومت پر كوئی تحفظات نہیں ہیں اور نہ ہی پیپلز پارٹی میں كوئی فارورڈ بلاک بنا رہے ہیں۔
ہالا کے مخدوم ہاؤس میں اپنے صاحبزادے مخدوم جمیل الزمان كے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم نے کہا کہ قائم علی شاہ، شاہ صاحب ہیں اور ہم ان كے ماتحت ہی كام كر رہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے لیكن قائم علی شاہ بھی ان كے ماتحتی میں كام كر رہے ہیں اور لوگ امین فہیم كی قربانیوں اور خدمات سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے كہا كہ میڈیا صرف امین فہیم كے بیٹوں كے خلاف ہی طوفان كھڑا كر رہا ہے، تھرپاركر میں صرف ان كے بیٹے اور بھائی ہی كامیاب نہیں ہوئے بلکہ ارباب رحیم، پیر پگارا اور شاہ محمود قریشی كے لوگ بھی وہاں سے ہی الیكشن میں حصہ لیتے ہیں لیکن میڈیا ان كے خلاف تو كچھ نہیں بولتا۔
مخدوم امین فہیم نے کہا کہ میڈیا نے جو طوفان كھڑا كیا اس كے نتیجے میں وزیر اعظم نواز شریف وہاں پہنچے اور ایک ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا، ملک ریاض نے بھی وہاں امداد دی لیکن سندھ حكومت بھی ناكام نہیں ہوئی اور تھر كے باسیوں كی خدمت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الزمات سے ہم مایوس نہیں ہیں، مشكل حالات میں سنبھلنا آتا ہے اور ہر مشكل وقت كی طرح اس بار بھی لگائے گئے الزامات كا بوجھ اپنے كندھوں پر اٹھانے كے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ تھر کی صورتحال پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزارت بہبود کے وزیر اور مخدوم امین فہیم کے صاحبزادے مخدوم جمیل الزماں کو ان کے عہدے سے ہٹادیا تھا جب کہ امین فہیم کے دوسرے بیٹے مخدوم عقیل الزماں جو کہ ڈپٹی کمشنر تھر کے عہدے پر کام کررہے تھے انہیں بھی ہٹادیا گیا تھا جس کے بعد یہ خبر گردش کرنے لگی کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور مخدوم خاندان کے درمیان اختلاف پیدا ہوگئے ہیں، دوسری جانب مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا نے بھی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخدوم امین فہیم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ پیپلزپارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا اوراس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔