کولمبو میں بریفنگ پلیئرزکو بکیزسے بچنے کا سبق یاد دلا دیا گیا

کس طرح غلط افراد مذموم مقاصدکیلیے استعمال کر سکتے ہیں ویڈیوز کی مدد سے بتایا گیا

میانداد پاکستانی ٹیم کے پہلے نیٹ سیشن میں خاصے متحرک دکھائی دیے، بیٹنگ کیلیے جانے والے ہر کھلاڑی کومشوروں سے نوازا،ڈی جی کا چیف کوچ ڈیوواٹمور سے بھی تبادلہ خیال فوٹو : اے ایف پی

ٹوئنٹی20ورلڈکپ سے قبل آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستانی کرکٹرز کو بکیز کے چنگل سے بچنے کا سبق یاد دلا دیا،

اس موقع پر ویڈیوز کی مدد سے بتایا گیا کہ کس طرح غلط قسم کے افراد انھیں اپنے مذموم مقاصد کیلیے استعمال کر سکتے ہیں،بریفنگ کے دوران پابندی کے شکار پیسر محمد عامر کا اصلاحی بیان بھی دکھایا جانا تھا مگر پلیئرز نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ پہلے ہی اسے دیکھ چکے ہیں، ذرائع کے مطابق دیگر ٹیموں کو بھی اسی قسم کی بریفنگز دی گئیں۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پی سی بی جاوید میانداد جمعرات کو ٹیم کے پہلے نیٹ سیشن میں خاصے متحرک دکھائی دیے، بیٹنگ کیلیے جانیوالے ہر پلیئر کو انھوں نے اپنے مشوروں سے نوازا،البتہ کوچ ڈیو واٹمور کو مطمئن کرنے کیلیے انھوں نے یہی کہا کہ بطور بورڈ آفیشل کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق20 ٹوئنٹی کے میگا ایونٹ کا منگل سے سری لنکا میں آغاز ہو رہا ہے۔

شریک بیشتر ٹیمیں میزبان ملک پہنچ چکیں، ایونٹ سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ بھارتی بکیز کا کولمبو میں ایک اجلاس ہوا جس میں کھلاڑیوں کو اپنے جال میں پھنسانے کیلیے حکمت عملی طے کی گئی، رپورٹس کے مطابق اپنے فیورٹ فارمیٹ میں سٹے باز اربوں روپے دائو پر لگانے والے ہیں،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھی ان اطلاعات سے واقف اور اپنے ہر ایونٹ سے قبل کی طرح اس بار بھی بریفنگ کا اہتمام کیا۔

ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی اینٹی کرپشن آفیسر نے جمعرات کو لیکچر دیا جس میں سٹے بازوں سے دور رہنے کے طریقے اور وہ کس طرح پلیئرز کو اپنے چنگل میں پھنسا سکتے ہیں یہ سب کچھ بتایا گیا،ماضی میں غلط کاموں میں پڑ کر کیریئر دائو پر لگانے والے کرکٹرز کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔


اس موقع پر جب جیل کی سزا کاٹنے والے محمد عامر کا اصلاحی بیان دکھایا جانے لگا تو پاکستانی پلیئرز نے اسے رکواتے ہوئے جواز دیا کہ پہلے بھی اسے دیکھ چکے ہیں،آفیشل نے کرکٹرز کو یہ بھی تلقین کی کہ اگر کوئی غیرمعمولی واقعہ دیکھیں تو فوراً رپورٹ کریں تاکہ مدد کی جا سکے، اسی قسم کی بریفنگز کا دیگر ٹیموں کیلیے بھی اہتمام کیا گیا۔

پی سی بی خود بھی ماضی کے تلخ تجربات کی وجہ سے خاصا محتاط ہو چکا اور اس نے بھی پلیئرز پر کڑی نظر رکھنا شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا پاکستانی کرکٹ ٹیم کا پہلا نیٹ سیشن جمعرات کو کولمبو کے پی سارا اوول گرائونڈ میں ہوا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد بھی اس موقع پر موجود رہے، ذرائع نے بتایا کہ بیٹنگ کیلیے نیٹ پر جانے والے ہر کھلاڑی کو وہ مشورے دیتے دکھائی دیے،اس موقع پر انھوں نے واضح کیا کہ بطور بورڈ آفیشل سری لنکا آئے ہیں تاکہ ٹیم کا مورال بلند کیا جا سکے، میانداد نے چیف کوچ ڈیوواٹمور سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع نے مزید کہا گوکہ واٹمور نے اپنے انداز سے ناراضی ظاہر تو نہ کی تاہم واضح طور پر وہ میانداد کی موجودگی سے خوش نظر نہیں آتے، البتہ پی سی بی کئی بار کہہ چکاکہ جاوید میانداد کو بیٹنگ مشیر مقرر نہیں کیا بلکہ وہ بورڈ آفیشل کی حیثیت سے سری لنکا گئے ہیں، واضح رہے سابق کپتان کی تقرری پر ماضی کے پلیئرز کی تنقید اور واٹمور کے خفگی نے بورڈکو موقف تبدیل کرنے پر مجبور کیا ہے۔

میانداد خود بھی ان دنوں متواتر وضاحتیں پیش کرتے دکھائی دے رہے ہیں، انھیں بھی اندازہ ہے کہ میگا ایونٹ میں اگر کچھ غلط ہوا تو ذمہ داری ان پر ہی ڈال دی جائے گی۔
Load Next Story