فارن فنڈنگ میں اب پی ٹی آئی کے کسی جواب کی ضرورت نہیں وزیر اطلاعات

غیرملکی ایجنٹ عمران خان اور فارن پارٹی کا تماشہ اب ختم ہوگیا ہے اور قانون کے دروازے بند ہوگئے ہیں، مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی نے 8 سال میں 11 بار پٹیشنز دائر کیں، 9 وکیل بدلے، 50 مرتبہ سماعت کو ملتوی کرایا فوٹو: فائل)

ISLAMABAD:
وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پالیٹکل پارٹی آرڈر 2022 کے تحت غیر ملکی فنڈ لینے والی جماعت ثابت ہوگئی، فارن فنڈنگ میں اب پی ٹی آئی کے کسی جواب جواب کی ضرورت نہیں ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002ء کے تحت فارن ایڈڈ پارٹی ڈکلئیرڈ ہوچکی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت عمران صاحب نے پانچ سال قبل جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے 8 سال میں 11 بار اسلام آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا چکے ہیں اور 9 بار وکیل بدل چکے ہیں، انہوں ںے 50 مرتبہ سماعت کو ملتوی کرایا اور 11 پٹیشنز ہائی کورٹس میں دائر کیں اب فارن ایجنٹ اور فارن ایڈڈ پارٹی پر قانون کے تمام دروازے بند ہوچکے ہیں، آج یہ لوگ جو باتیں کر رہے ہیں انہیں یہ باتیں آٹھ سال کے دوران الیکشن کمیشن میں کرنی تھیں۔


یہ پڑھیں : عمران خان نے فارن فنڈنگ کے عوض کشمیر کا سودا کیا، وزیراطلاعات

وزیر اطلاعات نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا خوف عمران خان کو تھا اسی لیے ان پر 20 کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، رانا ثناء اللہ کے خوف سے 25 مئی کو عمران صاحب خیبرپختونخوا بھاگ گئے تھے۔

انہوں ںے تحریک اںصاف کے رہنما فواد چوہدری کے لیے کہا کہ فواد صاحب ! احتیاط اچھی چیز ہے، اوقات تک نہ جائیں تو آپ کے لیے بہتر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آ چکا ہے، اب قانون کے مطابق عمل درآمد ہو رہا ہے، پی ٹی آئی نے آٹھ سال میں ایک روپے اور ایک اکاؤنٹ کا حساب نہیں دیا اب انہیں کسی قسم کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے، اب فارن ایجنٹ عمران خان اور فارن ایڈڈ پارٹی کا جھوٹ، فراڈ اور تماشا ختم ہوچکا ہے۔
Load Next Story