فٹنس مسائل شاہد آفریدی کا پیچھا چھوڑنے لگے

شاہد آفریدی 3، 4 روز میں مکمل ٹھیک ہونے کیلیے پُرعزم، دوسرے وارم اپ میچ کیلیے دستیاب ہونگے


Sports Reporter March 14, 2014
ورلڈٹی20میں کوئی فیورٹ نہیں،پاکستان کوفیلڈنگ مسائل پر قابو پانا ہوگا، آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

فٹنس مسائل شاہد آفریدی کا پیچھا چھوڑنے لگے، آل رائونڈر آئندہ 3، 4 روز میں مکمل فٹ ہونے کیلیے پُرعزم ہیں، ان کے مطابق وہ دوسرے وارم اپ میچ کیلیے دستیاب ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق آفریدی ایشیا کپ کے دوران ان فٹ ہو گئے تھے، اب وہ ٹیم کیساتھ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے بنگلہ دیش روانہ نہ ہو سکے لیکن جلد فٹ ہونے کی توقع ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انجری کے باوجود سری لنکا کیخلاف میچ انجیکشن لگواکر کھیلا،اب80 فیصد فٹ ہو چکا،ڈاکٹر سے مشورے کیلیے لاہور آیا ہوں،ایک ہفتے آرام کررہا ہوں،3یا 4روز میں مکمل فٹ ہوجائوں گا، کوشش ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف شیڈول دوسرا وارم اپ میچ ضرور کھیلوں۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ ٹوئنٹی20 میں کسی ٹیم کو بھی فیورٹ نہیں قرار دیا جا سکتا، سب اپنے مضبوط اسکواڈز میدان میں اتاریں گے، البتہ پاکستان کا کمبی نیشن دنیا کی کسی بھی ٹیم سے بہتر ہے۔

شعیب ملک اور کامران اکمل اس فارمیٹ کے اچھے کھلاڑی ہیں،ان کی شمولیت کا ٹیم کو فائدہ ہوگا، انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں بہترین ہیں لیکن فیلڈنگ میں اہم مواقع گنوائے جا رہے ہیں، میگا ایونٹ میں کوئی ٹیم کمزور نہیں، سب بہترین تیاری کیساتھ میدان میں اترینگے، غلطی کی گنجائش نہیں ہوگی لہٰذا فیلڈنگ مسائل پر قابو پانا ہوگا۔ آفریدی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کی پچز کا اچھی طرح اندازہ ہے،کنڈیشنزہماری بیٹنگ اور بولنگ دونوں کیلیے سازگار ہیں لیکن ان سے فائدہ اٹھانے کیلیے پوری ٹیم کو جان لڑانا پڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی مسلسل 3سیریز میں ہار اہمیت رکھتی ہے، روایتی حریف کیخلاف میچ ہمارے لیے بہت اہم ہوگا، دھونی کو ہمیشہ بہترین کھلاڑی سمجھا،ان کی واپسی سے بلو شرٹس کو تقویت مل سکتی ہے لیکن کرکٹ میں صرف ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کیا جاتا،پاکستان کے سب پلیئرز محنت کررہے ہیں، ایک بار پھر بھارت کو شکست دے سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں