یزیدی حکومت سے نمٹنے کے لیے 13 اگست کو لائحہ عمل کا اعلان کروں گا عمران خان

ہر دور کا یزید ہوتا ہے، آج کا یزید امریکی سازش سے حکومت میں لایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک August 07, 2022
(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تیرہ اگست کو یزیدی حکومت کی فسطائیت سے نمٹنے کے لیے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنا طویل پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ 'یہ جانتے ہوئے بھی کہ پیغمبر رسول ﷺ کے نواسے راہ حق پر تھے اُس کے باوجود کوفہ کے لوگ یزید کے خوف سے حضرت امام حسینؓ کی مدد کو باہر نہ نکلے اور پھر اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ وقوع پزیر ہوا۔

عمران خان نے لکھا کہ ہر دور کا اپنا یزید ہوتا ہے، جو دراصل مجرموں کا برسر اقتدار گروہ ہے، آج کا یزید امریکی سازش سے حکومت میں لایا گیا، آج پاکستان یزیدیت کے نرغے میں ہے۔



انہوں نے سوال کیا کہ کیا قوم خوف میں مبتلا ہوکر اس سازش کے سامنے سر جھکائیں گے یا کڑے امتحان میں کھڑے ہو کر اس کا سامنا کریں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ تیرہ اگست کو میں حقیقی آزادی جلسے میں فسطائیت سے نمٹنے کے لیے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

'سب کی غلط فہمی دور ہوجائے گی'

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پارٹی چیئرمین کو قانون معاملات پر بریفنگ دی اور تیرہ اگست کے جلسے پر بھی مشاورت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوری انتخابات کو کوئی نہیں روک سکتا، 13 اگست کا جلسہ سب کی غلط فہمیوں کو دور کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ تیرہ اگست کا جلسہ انقلاب کا آغاز ہوگا، ملک میں فوری انتخابات کو کوئی نہیں روک سکتا، جنہیں غلط فہمی ہے وہ جلد دور ہوجائے گی کیونکہ عوام اب عام انتخابات کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

بابر اعوان نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست کھانے والا ٹولہ انتخابات سے بھاگ رہا ہے، شوباز کی نالائق الیون جو مرضی کر لے مقابلہ کریں گے، جعلی مقدمات اور جھوٹی تحقیقات عوامی بیانیہ نہیں بن سکیں گی، اب آئی آئی پی ٹی آئی نہیں دو تہائی پی ٹی آئی ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے یوم آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد میں تاریخی جلسے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں