پاکپتن سے خود کو ایس ایچ او ظاہر کرنے والا نوسرباز گرفتار
وردی میں گھومنے والے ملزم نے خود کو لاہور اقبال ٹاؤن تھانے کا ایس ایچ او ظاہر کیا تھا، قبضے سے اسلحہ بھی برآمد
August 07, 2022
پنجاب پولیس نے جعلی سب انسپیکٹر کو گرفتار کرلیا جو خود کو لاہور کے تھانے اقبال ٹاؤن کا ایس ایچ او ظاہر کررہا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکپتن تھانہ سٹی پولیس نے شک کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو روکا تو اُس نے خود کو اقبال ٹاؤن تھانے کا سب انسپیکٹر ظاہر کیا۔
اہلکاروں نے جب جعلی ایس ایچ او سے سوالات کیے تو وہ پھنس گیا جس پر اُس سے کوائف طلب کیے گئے اور پھر یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کا تعلق محکمہ پولیس سے نہیں ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سب انسپیکٹر بن کر گھومنے والا شخص وردی میں تھا، جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
تھانہ سٹی پاکپتن نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُسے حوالات میں بند کرکے تفتیش شروع کردی۔