ٹائٹل کے دفاع کا عزم لیے انگلش ٹیم سری لنکا روانہ

جنوبی افریقہ سے آخری میچ میں 28 رنزکی فتح اورٹی 20 سیریز برابر ہونے سے حوصلے بلند

جنوبی افریقہ سے آخری میچ میں 28 رنزکی فتح اورٹی 20 سیریز برابر ہونے سے حوصلے بلند. فوٹو: رائٹرز

ٹائٹل کے دفاع کا عزم لیے انگلش ٹیم سری لنکا روانہ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ سے آخری میچ میں 28 رنز کی جیت اور ٹی 20 سیریز برابر ہونے سے پلیئرز کے حوصلے بلند ہوگئے، کریگ کیسویٹر اور جوز بٹلر کی برق رفتار اننگز نے میزبان سائیڈ کو 11 اوورز تک محدود میچ میں فتح دلائی،119 رنز کے تعاقب میں پروٹیز 5 وکٹ پر 90 رنز بنا پائے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے جنوبی افریقہ سے تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز1-1 سے برابر کرلی۔


دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، تیسرے میں میزبان نے فتح اپنے نام کی،اس شاندار پرفارمنس کی بدولت ٹیم کے حوصلے بلند ہوگئے اور وہ جمعرات کو پورے اعتماد کے ساتھ سری لنکا روانہ ہوئی جہاں اسے ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے، انگلینڈ نے 2010 میں ویسٹ انڈیز میں آسٹریلیا کو مات دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ پروٹیز سے آخری ٹی 20 میں میزبان ٹیم نے 11 اوورز میں 5 وکٹ پر 118 رنز بنائے۔

کریگ کیسویٹر نے 32 گیندوں پر 50 جبکہ جوز بٹلر نے 10 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 32 رنز اسکور کیے، جوآن بوتھا اور مورن مورکل نے دو،دو وکٹیں لیں۔ جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 5 وکٹ پر 90 رنز بنا پائی، ہاشم آملا 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،گریم سوان اور ٹم بریسنن نے دو،دو وکٹیں لیں۔
Load Next Story