کراچی مرکزی جلوس کی گزرگاہ کے قریبی رستے مارکیٹیں سیل شارپ شوٹر تعینات

جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیاں کنٹینر لگا کر بند کردی گئیں، ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا


ویب ڈیسک August 08, 2022
حفاظتی اقدامات کے تحت سکیورٹی اہل کاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے (فوٹو فائل)

شہر قائد میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس سے قبل ایم اے جناح روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں کو سیل کرکے عمارتوں پر شارپ شوٹر تعینات کردیے گئے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس آج دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ امام بارگاہ میں ختم ہوگا۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ جلوس کی گزر گاہوں، مجالس کے مقامات اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: 9 محرم الحرام کے جلوس، ملک بھر میں سکیورٹی سخت، حساس مقامات سیل، موبائل سروس بند

ذرائع کے مطابق ایم جناح روڑ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل اور لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں سیل کرکے جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، تاہم سول اسپتال جانے کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی والا راستہ کھولا گیا ہے۔ جن گاڑیوں پر جلوس کا اسٹیکر آویزاں ہوگا صرف انہی کو آگے جانے کی اجازت ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے جب کہ راستوں میں چیکنگ کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی جلوس میں 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے حساس علاقوں سمیت دیگر مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں بُلندعمارتوں پر شارپ شوٹرز تعینات کردیے گئے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: محرم الحرام؛ سندھ بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

پولیس ذرائع کے مطابق سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی چیکنگ کی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو جلوس کے راستوں کی جانب جانے سے روکنے کے لیے متبادل راستوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق تمام چھوٹی بڑی ٹریفک کو گرومندر سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ یا نشتر روڈ کی جانب موڑا جارہا ہے۔ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور گارڈن کی جانب موڑدیا گیا ہے۔ لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی اور مارٹن روڈ، جیل روڈ کی جانب موڑا جارہا ہے۔ سپرہائی وے سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر سے ناظم آباد چورنگی دونمبر موڑدیا گیا ہے۔ شاہراہ قائدین سے آنے والے ٹریفک کو خدا داد سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں