سیلاب متاثرین کے مفت علاج کیلیے ڈاکٹرز کی ٹیم لسبیلہ پہنچ گئی
مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا جائے گا اور فری ادویات فراہم کی جائیں گی، ترجمان وزارت صحت
سیلاب متاثرین کے مفت علاج معالجے کے لیے پمز اسپتال کی 12 رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم لسبیلہ پہنچ گئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق محکمہ ہیلتھ لسبیلہ کے تعاون سے آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل اور رورل ہیلتھ سینٹر لاکھڑا میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا، کیمپ میں پمزکے ماہر ڈاکٹرز جن میں جنرل فزیشن، جنرل سرجن، نیورو سرجن، آرتھو پیڈک سمیت دیگر شامل ہیں۔
مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا جائے گا اور فری ادویات فراہم کی جائیں گی، ڈاکٹرز کی ٹیموں نے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت صحت صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے، وزارت صحت کے ماتحت ادارے صوبائی وزارت صحت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، یوم عاشور کے فوراً بعد ادویات کی دوسری بڑی کھیپ بلوچستان روانہ کی جائے گی۔