مالی معاملات طے نہ ہو سکے نیشنل گیمز3 ماہ کیلیے ملتوی

دسمبرمیں انعقاد کا فیصلہ، پنجاب اولمپک کے صدر سید شاہدعلی کا استعفیٰ مسترد

دسمبرمیں انعقاد کا فیصلہ، پنجاب اولمپک کے صدر سید شاہدعلی کا استعفیٰ مسترد. فوٹو فائل

ISLAMABAD:
صوبائی حکومت اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان مالی معاملات طے نہ ہونے کی وجہ سے نیشنل گیمز3 ماہ کیلیے ملتوی کر دیے گئے۔

ایونٹ اکتوبر کے بجائے دسمبر میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی او اے اور کھیلوں کی فیڈریشنزکا ہنگامہ خیز اجلاس گذشتہ روز لاہور میں ہوا جس میں پنجاب اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نیشنل گیمز کے انعقاد میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

صدر پی او اے جنرل(ر) عارف حسن اور پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر سید شاہد علی کے زیرسربراہی اجلاس میں ملک بھر کی کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی، پنجاب اولمپک کے صدر سید شاہد علی نے اس موقع پر کہا کہ وہ قومی گیمز بروقت نہ کرانے کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہیں لیکن مختلف فیڈریشنز کے عہدیداروں نے ان کا استعفیٰ مستردکردیا۔


سید شاہد علی کو ایک بار پھر فنڈز کی کمی دورکرنے کیلیے پنجاب حکومت سے مذاکرات کرنے کا اختیاردیا گیا ہے، اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل گیمز یوتھ فیسٹیول کا حصہ نہیں اور 17سے23دسمبرتک ہونگے۔

صدر پی او اے جنرل(ر) عارف حسن نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلیے تمام فیڈریشنز اپنے طور پر بھی اسپانسرز تلاش کریں، افتتاحی تقریب سادہ انداز میں کرانے پر بھی اتفاق ہوا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں عارف حسن نے کہا کہ اجلاس میں قومی گیمز کیلیے فنڈز اور کھیلوں کے مقامات سمیت متعدد امور پر بات چیت ہوئی۔

پنجاب حکومت سے ایک بار پھر ملاقات کر کے فنڈز کے حصول کی درخواست کرنے کیساتھ اپنے طور پر بھی اسپانسرز تلاش کرینگے تاکہ قومی گیمز احسن طریقے سے کرائے جا سکیں، انھوں نے کہا کہ مقابلوں کا انعقاد دسمبر کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story