پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کا محسابہ کرنا ہوگا اسپیکر قومی اسمبلی
افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ ہائبرڈ وارفیئر کا حصہ ہے، راجہ پرویز اشرف
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایوان کو پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے ملک دشمنوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئین میں ہر ادارے کی حدود و قیود متعین کی گئیں ہیں، پارلیمان 22 کروڑ عوام کی دانشگاہ ہے اور یہاں بیٹھا ہر رکن لاکھوں عوام کا نمائندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی اس بات کو مدنظر رکھنا چاہیے، افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ ہائبرڈ وارفیئر کا حصہ ہے، ہیلی کاپٹر حادثے پر بھی پروپیگنڈہ کیا گیا، ہمیں مل کر ان ملک دشمنوں کو پہچاننا ہوگا اور اس ایوان کو ان ملک دشمن عناصر کا محاسبہ کرنا ہوگا۔
'فوج کے خلاف بات کرنے والے اگر باز نہیں آسکتے تو ملک چھوڑ دیں'
اس سے قبل اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ آئین میں قائمہ کمیٹیوں کو پارلیمان کی توسیع قرار دیا گیاہے، قائمہ کمیٹیوں کا کام پارلیمان کے دماغ کے طورپر کام کرنا ہے جبکہ آئین بنانا یا ترمیم کرنا قومی اسمبلی کاکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب قائمہ کمیٹوں کے اختیارات پر رولنگ دیں، آزادی اظہار رائے ہے مگر آئین پاکستان کے خلاف کسی کو نہیں جانا چاہئے، عدلیہ اور فوج کی توہین سے آئین منع کرتا ہے۔
نور عالم خان نے کہا کہ فوج کے جوان قربانیاں دے رہے ہیں، ہمارے خان ملک وڈیرے سب پاک فوج کے جوانوں کی وجہ سے محفوظ ہیں، فوج کے خلاف بات کرنے والے اگر باز نہیں آسکتے تو ملک چھوڑ دیں۔