ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کے آفیشلز اورچند کھلاڑی بنگلا دیش روانہ

کپتان محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کچھ دن بعد روانہ ہوں گے، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 21 مارچ کو بھارت کے ساتھ کھیلے گی

انڈیا کے خلاف ٹیم پر پریشر ہوتا ہے لیکن گزشتہ میچ میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھ کر اس بار بھی اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ہیڈ کوچ معین خان، فوٹو:ایکسپریس

ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے چند کھلاڑی بنگلا دیش روانہ ہوگئے جبکہ کپتان محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کچھ دن بعد روانہ ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آفیشلز سمیت چند کھلاڑی علامہ اقبال ایئرپورٹ سے بنگلا دیش روانہ ہوئے جن میں ہیڈ کوچ معین خان،بیٹنگ کنسلٹنٹ ظہیر عباس،فیلڈنگ کوچ شعیب محمد ،بالنگ کوچ محمد اکرم،مینیجر ذاکر خان جبکہ کھلاڑیوں میں شعیب ملک،کامران اکمل،شرجیل خان،سہیل تنویر،صہیب مقصود،سعید اجمل،عمرگل،محمد طلحہ بھی شامل تھے،تاہم کپتان محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کچھ دن بعد بنگلا دیش پہنچیں گے۔


روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا کہ ٹیم کی تیاری سب کے سامنے ہے ایشیا کپ کےبعد ٹیم کا مورال اچھا ہوا ہے، بیٹنگ بالنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اچھا پرفارم کرکے ہی جیتا جاسکتا ہے میری ٹیم میری فیورٹ ہے،ٹی 20 میں اچھے نتائج دیں گے اور کوشش ہوگی کہ فاتح بن کر لوٹیں ۔ پا ک بھارت میچ پر معین خان نے کہا کہ انڈیا کے خلاف ٹیم پر پریشر ہوتا ہے لیکن گزشتہ میچ میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھ کر اس بار بھی اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔

معین خان کا کہنا تھا کہ کچھ کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل تھے تاہم اب وہ بھی ٹھیک ہوچکے ہیں شاہد آفریدی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بھی چند دن میں ٹھیک ہوکر ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔

واضح رہے ورلڈ ٹی 20 کا پہلا میچ 16 مارچ کو بنگلا دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ قومی ٹیم محمد حفیظ کی قیادت میں اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ مد مقابل ہوگی۔
Load Next Story