فوج کے خلاف القابات استعمال کرنے والا نیازی قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتا وزیر اعظم
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولز نے افواج کے خلاف نفرت سے بھرپور ٹرینڈز چلائے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے دیکھا کہ عمران نیازی نے فوجی قیادت کے خلاف القابات استعمال کیے، نیازی قوم کو بے وقوف نہیں بناسکتا۔
عمران خان کے ویڈیو پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان نے گزشتہ چار ماہ فوجی قیادت کے خلاف کس طرح کے القابات استعمال کیے اور اُن کے سوشل میڈیا ٹرولز نے افواج کے خلاف نفرت سے بھرپور ٹرینڈز چلائے۔
وزیر اعظم نے سوال کیا کہ کیا شہدا کے خاندان بھول جائیں گے؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیازی خود کو بے وقوف بنا سکتے ہیں، قوم کو نہیں بنا سکتا۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ 'اب سازش کی جارہی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو فوج سے لڑوایا جائے اور ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی پاک فوج کے خلاف ہے'۔
مزید پڑھیں: ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو فوج سے لڑوانے کی سازش کی جارہی ہے، عمران خان
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو بڑی تکلیف تھی کہ عمران خان اور فوج ایک ہی پیج پر ہیں اور نئی دہلی نے ہمیں بدنام کرنے کے لیے ڈس انفولیب قائم کیا لیکن ہمارے سوشل میڈیا کے جوانوں نے ڈس انفولیب کو بے نقاب کیا۔ عمران خان نے کہا کہ رجیم چینج کی سازش اب بھی جاری ہے، ہماری حکومت گرانے کے بعد بھارت میں خوشیاں منائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میر جعفر اور میر صادق نے مل کر بیرونی سازش سے میری حکومت گرائی۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز گل نے عمران خان کا لکھا ہوا اسکرپٹ پڑھا، وزیر اطلاعات
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری حکومت گرانے کے بعد بھارت میں خوشیاں منائی گئی، ایسی خوشیاں جیسے کوئی بھارت سے پاکستان کا وزیر اعظم بن گیا۔