شہباز گل کے اسسٹنٹ پر پولیس کے ساتھ مزاحمت کا مقدمہ درج

ملزم اظہار نے پولیس اہلکار کی شرٹ پھاڑی، موبائل اور پرس بھی چھین لیا۔ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، کیپٹل پولیس

ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِ سرکار میں عملی مزاحمت کی، کیپٹل پولیس

DIJKOT:
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے اسسٹنٹ اظہار پر پولیس کے ساتھ مزاحمت کرنے پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزم شہباز پر مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس کانسٹیبل کی شرٹ پھاڑی اور ایک پولیس کانسٹیبل کا موبائل اور پرس بھی چھین لیا۔ قبل ازیں تھانہ کوہسار کی ٹیم نے ان کے گھر پر چھاپا مارا تھا۔


دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کے اسسٹنٹ کے گھر پر چھاپے اور وہاں سے ہونے والی گرفتاری سے متعلق جاری بیان میں کہا ہے کہ شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپے اور گرفتاری کا عمل قانونی ہے۔ ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِ سرکار میں عملی مزاحمت کی، البتہ اسلام آباد کیپٹل پولیس اس کیس سے جڑے تمام تر شواہد و ثبوت اکٹھے کررہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں کہیں بھی قانونی کارروائی کی ضرورت پڑی، پولیس اپنا کام کرے گی اور ضرورت کے تحت کیس کا دائرہ اسلام آباد کے علاوہ دیگر صوبوں تک بھی پھیلایا جاسکتا ہے۔ جو لوگ ثبوت چھپانے یا شواہد مٹانے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں۔جو لوگ غلط خبریں اور عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد کیپٹل پولیس قانون کی عملداری یقینی بنائے گی۔

دوسری جانب پولیس نے شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتار اہلیہ اور برادر نسبتی کو عدالت میں پیش کیا ، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر کے روبرو ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے خاتون ملزمہ کو جیل بھیج دیا جب کہ ملزمن نعمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ دریں اثنا ملزمہ کے وکیل نے بعد از گرفتاری کی درخواست ضمانت دائر کردی ہے۔
Load Next Story