لبنان رقم نہ دینے پر مسلح شخص نے بینک عملے اور صارفین کو یرغمال بنا لیا

بینک عملے کی جانب سے 2 لاکھ ڈالر دینے سے انکار پر صارف نے اسلحہ نکال لیا


ویب ڈیسک August 11, 2022
مالیاتی بحران کے باعث کمرشل بینکوں نے صارفین کی رقوم منجمد کررکھی ہیں (فوٹو: رائٹرز)

ISLAMABAD: لبنان میں مسلح شخص نے اپنی منجمد کی جانے والی رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے فیڈرل بینک آف لبنان میں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق لبنان میں جاری مالیاتی بحران کی وجہ سے بینکوں نے رقوم منجمد کرتے ہوئے اپنے صارفین کو محدود رقم نکانے کی اجازت دے رکھی ہے، جس کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مقامی سکیورٹی ذرائع کے مطابق جمعرات کو ایک شخص مغربی بیروت کے علاقے میں واقع مرکزی بینک کی برانچ میں اسلحہ سمیت داخل ہوا اور اپنے اکاؤنٹ میں موجود تقریباً 2 لاکھ ڈالر کا مطالبہ کیا۔ بینک عملے کی جانب سے خطیر رقم دینے سے انکار پر اس نے چیخنا شروع کردیا اور بتایا کے اس کے عزیز اسپتال میں ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی اس شخص نے اپنی بندوق نکالی تو کچھ صارف بینک سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے، تاہم کئی صارفین بینک کے اندر پھنس گئے۔ مسلح شخص نے بینک کا دروازہ بند کیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق مسلح شخص نے ایک معمر شخص کو بینک سے باہر جانے کی اجازت دی۔ مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران مسلح شخص نے دو فائر بھی کیے اور اپنی رقم واپس دینے کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں حکومتی نمائندوں کی ٹیم نے مسلح شخص سے بات چیت شروع کی، تاہم آخری اطلاعات تک مزید صورت حال کی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ 2019 سے لبنان میں مالیاتی بحران جاری ہے، جس کی وجہ سے کمرشل بینکوں نے اپنے صارفین کی رقوم منجمد کرکے محدود رقم نکالنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں