قومی اسمبلی میں اقلیتوں کے حقوق کیلیے قرار داد متفقہ طور پر منظور

اقلیتوں کے حوالے سے تمام قسم کے امتیاز کو ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں، قرارداد

(فوٹو: فائل)

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اقلیتی کنوشن اجلاس میں رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے قرار داد پیش کی جس کی وزیر برائے پارلیمانی امور نے حمایت کی۔

اقلیتی کنونشن میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قرارداد متفقہ منظور ہوگئی، جس میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کو قانون میں برابری کے حقوق اور برابرکا شہری سمجھا جائے گا۔

قرارداد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ اقلیتوں کے حوالے سے تمام قسم کے امتیاز کو ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے اور قومی اسمبلی اقلیتوں کی حقوق کے حوالے سے موثر قانون سازی کرے گی۔


وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو قومی اسمبلی ایوان میں ہونے والے اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کے ساتھ پی پی پی کی کمٹمنٹ شہید ذوالفقار علی بھٹوکے دور سے چلی آرہی ہے، تمام سیاسی جماعتیں اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کی حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی رہنماؤں نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کے حل کے لئے پارلیمانی کمیٹی بناکر عمل کی نگرانی کی جائے، ہم نے اپنے عمل سے ثابت کرنا ہوگا کہ ہم ہر شہری کے برابر ہونے پر یقین رکھتے ہیں، اقلیتی کوٹوں پر عمل کا جائزہ لینا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جبری تبدیلی مذہب کو روکنے کے لئے قانون سازی کرنا ہوگی اور عمل کرنا ہوگا، ڈاکٹر شہبازبھٹی نے قربانی دیکر اقلیتوں کو مضبوط آواز دی، ہم قائد اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کو پورا کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ ایوان پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کا ہے، جو تمام اقلیوں کے نظریات کا محافظ ہے، ہم سب نے ملکر پاکستان کے لیے کام کرنا ہے۔
Load Next Story