لوڈ شیڈنگ کے باوجود بجلی کے نرخ میں اضافہ

سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے اس اضافے کو غریب عوام پر ڈرون حملہ قرار دیا ہے

واضح رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق تین ماہ پہلے سے یعنی جنوری کے مہینے سے ہو گا۔ فوٹو: فائل

ایک طرف وفاقی وزیر خزانہ ڈالر کے نرخوں کو نیچے لانے میں کامیابی کے دعوے دار ہیں جس کا اثر مہنگائی کی مجموعی صورتحال پر مثبت طور پر پڑنا چاہیے مگر نیپرا یعنی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں دو روپے 24 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ تاہم سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے اس اضافے کو غریب عوام پر ڈرون حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عذاب ناقابل برداشت ہے۔


حکمران بتائیں کہ وہ عوام کو کس جرم کی سزا دے رہے ہیں؟ واضح رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق تین ماہ پہلے سے یعنی جنوری کے مہینے سے ہو گا، تاہم کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے ای ایس سی) کے صارفین کو اس اضافے سے مبرا رکھا گیا ہے۔ حکومت کی مجبوریاں اپنی جگہ درست ہوں گی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ بجلی مہنگی ہونے سے عوام پر مالی بوجھ بڑھے گا' حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے کی کوشش تو کر رہی ہے لیکن لوڈشیڈنگ ابھی تک جاری ہے' ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے محض ڈالر سستا کرنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ توانائی کے ذرایع بھی سستے کرنا لازمی ہے' اس طرح توانائی سستی بھی ہونی چاہیے تا کہ کاروباری طبقہ اور کسان اس سے فائدہ اٹھا سکیں' اگر توانائی کے ذرایع وافر اور سستے ہوں گے تو اس سے معیشت پھلے پھولے گی اور روز گار میں اضافہ ہو گا۔
Load Next Story