پاکستانی ایتھلیٹ شجر عباس دو نئے ریکارڈز سے محروم

اسٹارٹ سسٹم کے برقی آلات میں تکنیکی خرابی کے باعث نتائج کودرست قرار نہیں دیا گیا


Sports Reporter August 13, 2022
فوٹو فائل

ROME: پاکستان کے ایتھلیٹ شجرعباس اپنے دو نئے قومی ریکارڈز سے محروم ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پانچویں اسلامی یکجہتی گیمز میں ابتدائی تین یوم کی مختصر فاصلوں کی دوڑوں کے نتائج غلط قرار دے دیے گئے جس کے بعد پاکستان کے شجرعباس اپنے دونوں نئے قومی ریکارڈز سے محروم ہوگئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ترکی کے شہرقونیہ میں جاری گیمز کے ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ نے موقف اپنایا ہے کہ ابتدائی تین دنوں میں ہونے والے مقابلوں خاص طور پر مختصر فاصلے کی دوڑوں میں کچھ بہت بہترین نتائج دیکھنے میں آئے تھے۔

بعدازاں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اسٹارٹ انفارمیشن سسٹم اور فوٹیج فنش کے اصول اپناتے ہوئے ہر مقابلے کےآغاز اور اختتام کی ٹائمنگ اور آفیشل نتائج کی درستگی کے لیے اضافی اقدامات کرتے ہوئے جانچ کی گئی،چوتھے دن انٹرنیشنل آفیشلز نے نتیجہ اخذ کیا کہ کہ اسٹارٹ سسٹم کے برقی آلات میں تکنیکی خرابی کے باعث نتائج کودرست نہیں قرار دیا جاسکتا ہے۔

انٹرنیشنل آفیشلز نےتمام شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے ماہرین سے صلاح مشورے کے بعد طے کیا کہ پہلے تین دن کے نتائج کی تصدیق کرنا ممکن نہیں ، لہذاعالمی ایتھلیٹکس فیڈریشن اور متعلقہ اداروں کو مطلع کردیا گیا ہے کہ ابتدائی تین دنوں کے نتائج درست نہیں تسلیم نہیں کیے جاسکتے اور وہ عالمی رینکنگ کے لیے ریکارڈ کا حصہ نہیں ہوں گے، تاہم اسلامی یکجہتی گیمزکے میڈلزاس سے اثر انداز نہیں ہوں گے۔

دریں اثنا اس فیصلے کی روشنی میں پاکستان کے ایتھلیٹ شجرعباس اپنے دو نئے قومی ریکارڈز سے محروم ہوگئے، شجرعباس نے گیمز کی 100 میٹر کی دوڑ میں 10.25 سیکنڈز اور 200 میٹرز کی دوڑ میں 20.68 سیکنڈز کے ساتھ نئے ریکارڈز بنائے تھے۔

قبل ازیں انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں 10.38 سیکنڈز کے ساتھ نیا قومی ریکارڈ قائم کیا تھا جو اب قومی ریکارڈ تصورہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں