کراچی 15اگست تک گرج کے ساتھ بارش کا امکان 16سے نیا سلسلہ شروع ہوگا

بارشوں کا نیا سلسلہ 18 یا 19 اگست کی دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک August 13, 2022
فوٹو:ایکسپریس

ISLAMABAD: شہر قائد میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے 16اگست سے نیا سلسلہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16اگست کی دوپہر سے ایک نیاسلسلہ کراچی سمیت دیہی سندھ پر اثرانداز ہونے کی توقع ہے،جس سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے،بارشوں کا نیا سلسلہ 18 یا 19 اگست کی دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندر میں 14 اگست تک طغیانی رہے گی،ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی جاتی ہے،شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے،متعلقہ ادارے الرٹ رہیں،محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون سینٹرکی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن کراچی سے 450کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق ڈپریشن کا فاصلہ ٹھٹھ سے 500 کلومیٹر جبکہ اومان سے 350 کلومیٹر کی دوری پر ہے،گزشتہ 12 گھنٹوں میں مزید جنوب مغربی سمت کی جانب بڑھا ہے، ڈپریشن کے کمزور ہونے کے امکانات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سمندر میں موجود اس سرگرمی کو ٹروپیکل سائیکلوں سینٹر مسلسل مانیٹر کررہا ہے، بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سے پاکستان کے کسی بھی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں ہے،سمندر غیر ہموار اور اس میں شدید طغیانی کا امکان ہے،سندھ،بلوچستان کے ماہی گیر اتوارکی رات تک سمندر میں جانے کے دوران انتہائی محتاط رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا موسم جزوی اور مکمل ابرآلود رہا،اس دوران کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی بارش ریکارڈ ہوئی،چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بارش کا موجودہ سلسلہ پیر کی دوپہرتک درمیانی و تیز بارشوں کی صورت میں برقرار رہ سکتا ہے،

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش صدر میں 15 ملی میٹر ،پی اے ایف مسرور بیس9.5، شارع فیصل،کیماڑی، قائدآباد،سعدی ٹاؤن میں6.5 ملی میٹر،ایئرپورٹ اولڈ ایریا4.2، ڈی ایچ اے فیزٹو3.4، گلشنِ حدید3 ملی میٹر،گلشنِ معمار2.6، کورنگی1.6، اور جناح ٹرمینل پر 0.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔