عمران خان اور پاک فوج کے تعلقات بہتر ہوگئے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب

بھارت اور اسرائیل کے ایجنٹ اختلافات پیدا کرنے میں ناکام ہوگئے، پرویز الہی کا پی ٹی آئی جلسے سے خطاب

فوٹو فائل

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لیے بری خبر یہ ہے کہ وہ اختلافات پیدا کرنے میں ناکام ہوگئے کیونکہ عمران خان اور پاک فوج کے درمیان تعلقات بہترہوگئے ہیں۔

لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیٹڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہیٰ نے کہا کہ شریفوں نے ق لیگ اور پی ٹی آئی کو لڑانے کی سازش کی، بھارت اور اسرائیل کے ایجنٹ فوج اور عمران خان کے درمیان بھی اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے مگر انہیں ناکامی کا سامنا رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنے گا کہ دنیا دیکھے گی اور کہے گی کہ عمران خان قائد اعظم کے بعد پاکستان کا دوسرا بڑا لیڈر ہے۔


انہوں نے کہا کہ جب کشمیر سے شہیدوں کی لاشیں آ رہی تھیں نواز شریف مودی کی مہمان نوازی کر رہے تھے۔

پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پہلی بار وزیراعلی بنا تو تعلیم مفت کر دی، ن لیگ نے کاروبار پر پابندیاں لگا دی تھیں، میں نے آتے ہی تاجروں پر پابندیاں ختم کر دیں، منہگائی چند دنوں میں نہ صرف کم نہیں بلکہ ختم ہوگی، ہر اسپتال کی ایمرجنسی میں دوائیاں مفت ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ احساس پروگرام کی میں بذات خود نگرانی کر رہا ہوں، ہنگامی حالات میں کام کرنے والے ڈاکٹر کو ڈبل تنخواہ ملے گی اور ہم صوبے میں سود کے کاروبار کو ختم کر کے دم لیں گے۔
Load Next Story