زمین سے 873 نوری سال کے فاصلے پر نیپچون جیسا سیارہ دریافت

HD 56414b نامی یہ سیارہ ایک گرم اے-ٹائپ ستارے کے گِرد گردش کرتا ہے


ویب ڈیسک August 14, 2022
نیا دریافت ہونے والا یہ ایگزوپلینٹ اپنے ستارے کے گرد 29 دنوں میں ایک چکر مکمل کرتا ہے

ماہرینِ فلکیات نے زمین سے تقریباً 873 نوری سال کے فاصلے پر موجود وولنس نامی ایک جھرمٹ میں نیپچونز کے جیسا سیارہ دریافت کیا ہے۔

یونیورسٹی آف کیلی فورنیا برکلے میں کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ HD 56414b نامی یہ سیارہ ایک گرم اے-ٹائپ ستارے کے گِرد گردش کرتا ہے۔ سائنس دانوں کو عموماً ایسے روشن ستاروں کے گرد مشتری سے چھوٹے سیارے نہیں ملتے۔

اے-ٹائپ ستارے وہ ستارے ہوتے ہیں جن کی زندگی چند لاکھ سالوں پر محیط ہوتی ہے۔ نیا دریافت ہونے والا یہ ایگزوپلینٹ اپنے ستارے کے گرد 29 دنوں میں ایک چکر مکمل کرتا ہے۔ اس ستارے اور اس کے گرد گھومنے والے سیارے کے درمیان فاصلہ زمین اور سورج کے درمیان فاصلے کا ایک چوتھائی ہے۔

ناسا کے ٹرانزِٹنگ ایگزوپلینٹ سروے سیٹلائٹ کا استعمال کرتے ہوئے دریافت کیا جانے والے اس سیارے کا ریڈیس زمین کے مقابلے میں 3.7 زیادہ ہے اور اس کو گرم نیپچون سیاروں کی درجہ بندی میں ڈالا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ایک سائنس دان کا کہنا تھا کہ یہ سیارہ اتنے بڑے ستاروں کے گرد موجود چند چھوٹے سیاروں میں سے ایک ہے جو سائنس دانوں کے علم میں ہیں۔

ماہرین کی جانب سے تحقیق کے نتائج آسٹروفزیکل جرنل لیٹر میں پیش کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں