پنجاب میں آج سے 16 اگست کے دوران موسلادھار بارش کا امکان

تمام ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں، پی ڈی ایم اے

فائل فوٹو

پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سے 16 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جس کے لیے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق 18 اگست تک ڈی جی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، موسلادھار بارش کے باعث 15 اور 16 اگست کے دوران راولپنڈی، سیالکوٹ اور نارووال کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔


موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں، تمام ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے جائیں اور ہنگامی حالات میں تمام ادارے یکجا ہو کر آپریشن میں حصہ لیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ندی نالوں میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا جائے اور ڈی واٹرنگ سیٹس، ضروری مشینری اور عملے کو الرٹ رکھیں۔

پراونشنل کنٹرول روم سمیت 36 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے متحرک رہیں، تمام ادارے لمہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھیں۔
Load Next Story