بھارت نے اپنے سفارت کار افغانستان بھیج دیئے طالبان کا خیرمقدم

فی الحال سفیر کی تعیناتی نہیں کر رہے، بھارتی وزیر خارجہ


ویب ڈیسک August 14, 2022
بھارت سے سفارت کاروں پر مشتمل عملہ کابل پہنچ گیا، فوٹو: ٹوئٹر

بھارت نے سفارت کاروں پر مشتمل عملہ کابل بھیج دیا تاہم ابھی سفیر کو نامزد نہیں کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سفارت کاروں کی ٹیم کو کابل بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں پہلے ہی مقامی افراد بھارتی سفارت خانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ایس جے شنکر نے مزید کہا کہ فی الحال ہم نے صرف سفارت کاروں کی ٹیم بھیجی ہے اور سفیر کی تعیناتی نہیں کی گئی ہے۔ سفارت کاروں کی ٹیم انسانی امداد، طبی امداد، ویکسین، ترقیاتی منصوبے وغیرہ پر کام کرنے کے قابل ہے۔

بھارت کی جانب سے اپنے سفارتی عملے کو کابل بھیجنے پر افغان وزارت خارجہ کے ترجمان نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ بھارتی سفارتی عملے کو تحفظ اور حاصل استثنیٰ کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب طالبان حکومت کے عبوری وزیر خارجہ امیراللہ متقی نے کابل میں بھارتی وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری جے پی سنگھ سے ملاقات کی تھی جس میں سفارت خانہ کھولنے سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی تھی۔

رواں برس جون میں بھارت نے پہلی بار وزارت خارجہ کی ایک تکنیکی ٹیم کابل میں اپنے مشن کے لیے بھیجی تھی اور ایک سینئر بھارتی سفارت کار نے بھی حال ہی میں افغان دارالحکومت کا دورہ کیا تھا۔

اس سے قبل بھارت نے افغانستان میں مقامی افراد پر مشتمل پر اپنے سفارتی عملے کو سفارت خانے میں بیٹھنے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے کہ بھارت نے تاحال افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے تاہم اپنے سفارتی عملے کو بھیج کر موجودہ حکومت کو ڈی فیکٹو گورنمنٹ تسلیم کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں