صدر و وزیراعظم کی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت

شہداء ہمارا فخر ہیں. مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر دعائیں شہداء اور انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، شہباز شریف


ویب ڈیسک August 14, 2022
فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کرتے اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے خوست اور ہرنائی میں گزشتہ شب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوئے تھے۔

وزیراعظم نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت اور دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے اللہ تعالی سے شہداء کے درجات بلند کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے میجر عمر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کرتے اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہداء ہمارا فخر ہیں. مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر دعائیں شہداء اور انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

سربراہ مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی میجر کیلئے دعائے صحت کی اپیل بھی کی۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں : ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، دو جوان شہید

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے میں پاک فوج کے دو جوان نائیک عاطف اور سپاہی قیوم شہید اور میجر عمر زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں