پولیس نے مختلف علاقوں سے 105 ملزمان گرفتار کرلیے

ٹارگٹ کلر اور اجرتی قاتل بھی شامل ، متعدد افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا


Staff Reporter March 15, 2014
ڈیفنس میں بنگلے پر چھاپہ، 14جواری گرفتار، داؤ پر لگی رقم اور منشیات برآمد۔ فوٹو: فائل

پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 105 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، دستی بم، منشیات، بکیں، آلات قمار بازی، داؤ پر لگی ہوئی رقم اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلر اور اجرتی قاتل بھی شامل ہیں جنھوں نے مختلف علاقوں میں متعدد افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ ناصر آفتاب کی نگرانی میں پریڈی پولیس نے ریمبو سینٹر کے قریب چھاپہ مار کر ملزم جمال الدین عرف جمال گنجا کو گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول اور اوان راکٹ برآمد کرلیا ناصر آفتاب نے بتایا کہ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور اس نے ابتدائی تفتیش کے دوران مبینہ طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں 5 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزم نے گارڈن کے علاقے میں بھی قتل کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ایس ڈی پی او صدر مختار خاصخیلی کی سربراہی میں پولیس پارٹی اقبال شہید روڈ پر اسنیپ چیکنگ کر رہی تھی کہ اس دوران بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو رکنے کا اشارہ دیا جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد 2 ملزمان عبید بیگ اور آفتاب لودھی کو گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان اجرتی ٹارگٹ کلر ہیں اور انھوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران ابراہیم حیدری کے علاقے میں 2 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کا انکشاف کیا ہے ، درخشاں پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر ڈیفنس کے علاقے فیز 5 صبا ایونیو میں واقع ایک بنگلے چلنے والے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر 14جواریوں کو گرفتار کر کے داؤ پر لگی ہوئی نقدی ، شراب کی بوتلیں ، منشیات اور آلات قمار بازی برآمد کرلیے ، نیپئر تھانے کے سب انسپکٹر محمد اسرار نے پولیس پارٹی کے ہمراہ صدیق وہاب روڈ پر چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار کے ایک ملزم محمد وقاص کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی عبید اور حمید فرار ہوگئے۔

نیوکراچی صنعتی ایریا پولیس نے خمیسو گوٹھ میں چھاپہ مار کر مفرور ٹارگٹ کلر واجد ولد گل حسن کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں سراج اور سبحان کی گرفتاری پولیس نے ظاہر نہیں کی اور بعدازاں مبینہ طور پر بھاری رشوت کے دونوں کو عوض چھوڑ دیا گیا جبکہ پولیس نے چھوڑے جانے والے ملزمان کے حوالے سے اعلیٰ افسران کو بتایا کہ وہ موقع سے فرار ہوگئے،کھارادر پولیس نے جوڑیا بازار کے قریب چھاپہ مار کر ایک ملزم عتیق ولد رفیق کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے جبکہ وہ پولیس کو مبینہ طور پر قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری اور کھالیں چھیننے کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، دریں اثنا پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف سے 85 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں