عمران خان نے شہباز گل کے متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا

شہباز گل کو یہ نہیں کہنا چاہئے تھا کیونکہ یہ فوج کو اکسانے کے زمرے میں آتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک August 16, 2022
—فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے چیف آف سٹاف شہباز گل کے فوج سے متعلق متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ شہباز گل "غلط" تھے اور انہیں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔

نجی چینل پر ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو یہ نہیں کہنا چاہئے تھا کیونکہ یہ فوج کو اکسانے کے زمرے میں آتا ہے اور یہ بالکل درست ہے کہ ہم فوج کو ایک مضبوط ادارے کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ماضی میں اتحادی حکومت کے رہنماؤں مولانا فضل الرحمان، مریم نواز، ایاز صادق، نواز شریف اور دیگر کی جانب سے بھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانات دیے گئے تھے 'لیکن ان کے ساتھ کیا ہوا؟'

عمران خان نے کہا کہ وہ جیل میں شہباز گل کے ساتھ کیے گئے سلوک سے 'بہت پریشان' ہیں، 'یہ انتہائی تکلیف دہ ہے، ہمارے وکلا نے ہمیں بتایا کہ اس کے کپڑے اتار دیے گئے اور انہیں مارا پیٹا گیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 'پولیس تشدد کررہی ہے اور شہباز گل کو ذہنی طور پر توڑنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ وہ میرے خلاف بیانات دینے پر مجبور ہوجائے۔


عمران خان نے کہا کہ اگر عمران کو کچھ کہنا ہے تو متحدہ اپویشن خود کہہ دے، اس کام کے لیے انہیں شہباز گل پر تشدد کی ضرورت نہیں ہے، مزید یہ کہ شہباز گل سے 'میرے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ملاقاتوں' کے بارے میں پوچھا گیا۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں