ق لیگ پارٹی الیکشن کیس میں الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج

پرویز الہی کے وکیل نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن کا کیس سننے کا اختیار ہی نہیں ہے


ویب ڈیسک August 16, 2022
پرویز الہی کے وکیل نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن کا کیس سننے کا اختیار ہی نہیں ہے

RAWALPINDI: پرویز الہی نے ق لیگ انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا۔

الیکشن کمیشن میں چوہدری شجاعت کو پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹانے اور ق لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

چوہدری شجاعت کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کیس سننے کا اختیار ہے۔

پرویز الہی کے وکیل نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن کا کیس سننے کا اختیار ہی نہیں ہے، ہم نے الیکشن کمیشن کا آرڈر عدالت میں چیلنج کیا ہوا ہے، کیس سننے سے پہلے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار دیکھ لیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے ق لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا

ممبر الیکشن کمیشن نے توجہ دلائی کہ بغیر درخواست دیے آپ کسی بھی بات پر دلائل دینا چاہتے ہیں۔ اس پر وکیل پرویز الہی نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کی درخواست جمع کرادی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت ہو گی، اس پر دلائل سنیں گے۔ چوہدری شجاعت کے وکیل نے کہا کہ مجھے دلائل کے لیے دو دن دیے جائیں۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری برادران میں پھوٹ کیسے پڑی؟

واضح رہے کہ 27 جولائی کو مسلم لیگ ق کی مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت اور طارق بشیر چیمہ کو جنرل سیکریٹری کے عہدوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا۔

مسلم لیگ ق کی مجلس عاملہ اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین اور طارق بشیر چیمہ کو عہدوں سے ہٹانے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو ق لیگ کا سربراہ بنانے کی بھی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں 10 روز میں مسلم لیگ ق انٹرا پارٹی الیکشن کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا جس میں پارٹی کے نئے صدر اور سیکریٹری جنرل کا انتخاب ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے حکومتی اتحاد کی حمایت اور ڈپٹی اسپیکر کو لکھے گئے خط کے معاملے پر ق لیگ کے سربراہان میں اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں