نامعلوم افراد نیپا چورنگی پر6 سالہ مغوی بچہ چھوڑ کر فرار

اسنیپ چیکنگ کیلیے کھڑے رینجرز اہلکاروں کو بچے نے اغوا کی تفصیلات بتائیں

6سالہ بلال ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو اغوا کی تفصیلات سے آگاہ کر رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

گلشن اقبال میں رینجرز کی اسنیپ چیکنگ کے دوران نامعلوم ملزمان مغوی بچہ سڑک پر ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے، واقعے کو رینجرز نے اپنی کارکردگی ظاہر کرتے ہوئے مغوی کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا۔


تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے میں نیپا چورنگی کے قریب رینجرز اہلکار معمول کی اسنیپ چیکنگ پر مامور تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار افراد 6 سالہ بچے کو سڑک پر ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے ، رینجرز اہلکاروں نے فوری طور پر بچے کو اپنی تحویل میں لیا اور اس سے معلومات حاصل کیں ، بچے نے اپنا نام بلال ولد جمیل بتایا ، بچے نے انکشاف کیا کہ اسے نامعلوم افراد نے نارتھ ناظم آباد سے اغوا کیا اور اپنے ہمراہ لے جارہے تھے کہ اسنیپ چیکنگ دیکھ کر وہ اسے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

بلال نے مزید بتایا کہ اس کے والد موٹر سائیکل رکشا چلاکر گھر کی کفالت کرتے ہیں جبکہ وہ 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے ، رینجرز اہلکاروں نے فوری طور پر اپنے اعلیٰ افسران کو واقعے سے آگاہ کیا جس کے بعد انھوں نے واقعے کو اپنی کارکردگی ظاہر کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ رینجرز نے کارروائی کے دوران مغوی بچہ بازیاب کرالیا ، اس حوالے سے گلشن اقبال آفس میں باقاعدہ بریفنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ، رینجرز حکام مغوی بچہ ملنے پر ہی مسرور دکھائی دیے جبکہ ملزمان دندناتے ہوئے ان کی آنکھوں کے سامنے فرار ہوگئے جنھیں گرفتار ہی نہیں کیا جاسکا۔ بعدازاں رات گئے بلال کے والدین و دیگر رشتے داروں نے گلشن اقبال آفس میں رینجرز حکام سے ملاقات کی جس میں حکام نے بلال کو ضروری معلومات کے بعد ان کے حوالے کردیا۔
Load Next Story