پنجاب اسمبلی میں نجی قرض پر سود کی پابندی کا بل منظور

دین کا کام جس شخص کے ہاتھوں ہورہا ہے اس کا نام عمران خان ہے، پرویز الٰہی

دین کا کام جس شخص کے ہاتھوں ہورہا ہے اس کا نام عمران خان ہے، پرویز الٰہی

ISLAMABAD:
پنجاب اسمبلی نے نجی قرض پر سود کی پابندی کا بل متفقہ طورپر منظور کرلیا۔

ایم پی اے خدیجہ عمر نے دی پنجاب پروہیبٹیشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لون بل 2022 پیش کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے بل کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو "پاکستان کا مطلب کیا،لا الہ الااللہ" کی عملی تفسیرکاکام شروع ہوچکا، دینی تعلیم دے کر نئی نسل کو بے راہ روی سے بچانا چاہتے ہیں۔

پرویز الٰہی نے کہاکہ دینی تعلیم حاصل کرنے والے بچے ناقابل تسخیر نسل ہوں گے، دینی تعلیم کے فیصلے کا کریڈٹ اوردعائیں ہر وقت ملتی رہیں گی، گرائمر اسکولوں میں بھی دین کے حوالے سے کام شروع کردیا ہے۔


پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میٹرک اوراب بی اے تک تعلیم مفت کررہے ہیں،کتابیں بھی دیں گے، دینی تعلیم کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کرنے پر ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سول ججز متعلقہ اسکولوں میں جاکردینی تعلیم کی تحصیل کا جائزہ لے رہے ہیں، اسکولوں میں طلباء کو سپارے بغیر کسی ہدیے کے فراہم کیے جائیں گے۔

پرویز الٰہی نے بتایا کہ دین کا کام جس شخص کے ہاتھوں ہورہا ہے اس کا نام عمران خان ہے، جو دین کا کام اس اسمبلی میں کیاگیا اس کی مثال نہیں ملتی، آج تمام ایوان،حکومت اور خاص طورپرعمران خان کو دل کی اتہاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سودکے کاروبارپرپابندی کا کریڈٹ پورے ایوان اورخاص طورپرقائد عمران خان کو جاتا ہے، سود کا کاروبار کرنے والے روزقیامت کالے منہ کے ساتھ اٹھائے جائیں گے، سود کا کاروبار ایک لعنت ہے جسے اللہ کے رسولؐ نے بھی منع فرمایاہے، اللہ اوراللہ کے رسولؐ کے احکامات کی تعمیل میں پرائیویٹ طورپر سود کے کاروبار پر پابندی لگارہے ہیں۔
Load Next Story