تھر قحط سالی سے مزید 8 بچے جاں بحق متاثرین کی امداد کیلیے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ قائم

مرنے والے بچوں کی تعداد143ہوگئی،پاک فوج کاریلیف آپریشن جاری، فائیو کور کمانڈرکراچی کا دورہ تھرپارکر


فلاحی اداروں کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری،مٹھی سول اسپتال میں جگہ کم پڑ گئی،اعلان کردہ مقدارمیںگندم تقسیم نہ ہونے پرمتاثرین کااحتجاج۔فوٹو:اے پی پی

تھرمیں خشک سالی سے مزید8بچے جاں بحق ہوگئے،متا ثرین کی امدادکیلیے''وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ''قا ئم کردیا گیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطا بق مٹھی سول اسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باوجودمریض بچوں کوبڑی تعداد میں اسپتال میں لایا جا رہا ہے، حکومت اور سیاسی وفلاحی اداروں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں تاہم حکومت کی جانب سے گندم کی اعلان کردہ مقدارکی عدم تقسیم کیخلاف لوگوں نے احتجاج بھی کیاجبکہ سیکریٹری صحت نے غیرحاضری پر لیڈی ڈاکٹر کومعطل کر دیا۔ تھرپارکرمیں بھوک و افلاس سے پیدا ہونے والی بیماریوں نے جمعے کوبھی8معصوم جانیں لے لیں،ڈیپلو کے نواحی گائوں کی6ماہ کامصطفیٰ اوٹھو،ننگر پارکرمیں7ماہ کا رام چند اور چھاچھرو میں6 سال کا نبی شیر اور2سال کی کویتا، ڈیپلو شہر کے میگھواڑ محلہ میں ایک ماہ کی بچی کملہ،ننگرپارکرکے گائوں جپڑیو میں2ماہ کا گلو جبکہ اسلام کوٹ کے نجی اسپتال میں3 سالہ بچی پپیتامیگھواڑ اورمٹھی سول اسپتال میں نو مولودبچہ پپو بھیل انتقال کر گیا۔مرنے والے بچوں کی تعداد143ہوگئی۔

سول اسپتال مٹھی میں گنجائش سے زیادہ مریض آجانے کی وجہ سے چارپائی رکھنے کی جگہ بھی نہیں رہی،ایک بیڈ پر دو دو بچوں کو لٹاکر طبی امداددی جا رہی ہے۔سیکریٹری صحت سندھ اقبال درانی نے سول اسپتال مٹھی کادورہ کیااورریکارڈچیک کیا۔صوبائی وزیرلائیو اسٹاک جام خان شورونے بھی مٹھی سول اسپتال کادورہ کیا۔ڈی سی آفس مٹھی میں صوبائی وزیرجام خان شورو نے صوبائی کوآرڈینیٹر ریلیف تاج حیدر سے ملاقات کی اور صورتحال کے متعلق معلومات حاصل کیں،تھرکے متا ثرین کی امدا د کیلیے''وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ''قا ئم کردیا گیا ہے۔سیکریٹری خزا نہ سندھ سہیل راجپوت کے مطابق سندھ بینک میں قائم کیے جانے والے فنڈکااکائونٹ نمبر 03031200181000ہے جس میں ملک کے کسی بھی شہر سے اس فنڈمیں امدا دی رقم جمع کرائی جاسکتی ہے،عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس فنڈمیں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالیں۔

پاکستان آرمی کے فائیوکورکمانڈرکراچی نے ضلع تھرپارکرکے مختلف علاقوں کادورہ کیااورمتاثرین میں امداد تقسیم کی۔آئی ایس پی آرکے اعلامیے کے مطابق فائیوکورکمانڈرنے جی اوسی18 ڈویژن میجرجنرل انعام الحق کے ہمراہ ضلع تھر پارکرکے مختلف علاقوںکادورہ کیا،اس موقع پرانھوں نے متاثرین میں راشن اورادویہ تقسیم کیں جبکہ بچوںکومیں ٹافیاں اورچاکلیٹ بھی دیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے ڈائریکٹرجنرل کمانڈر(ر) سید سلمان شاہ نے کہاہے کہ پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے اب تک 12ہزارمتاثرہ خا ندان میں راشن بیگ تقسیم کیے جاچکے ہیں،اس سامان میں مختلف دالیں ، چاول ، خشک دودھ، چینی، گھی، چائے، گلوکوز، بسکٹ اور دیگر اشیاشامل تھیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے بتایا کہ 11 ہزار راشن بیگ تھرکے متاثرین کیلیے مزیدروا نہ کیے جارہے ہیں جبکہ کراچی ریلیف کلیکشن کیمپ میں جمع ہونے والے امدادی سامان جو کہ 5 ٹرکو ں کے ذریعے عمر کوٹ کے متاثرین میں تقسیم کے لیے بھیجاجاچکاہے،کراچی میں ریلیف کلیکشن کیمپ ہائپراسٹا ر کلفٹن کے قریب لگا دیا گیاہے تا کہ مخیر حضرا ت آسا نی سے عطیات جمع کرا سکیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ کمانڈر(ر)سیدسلما ن شاہ نے بتایاکہ پی ڈی ایم اے آفس میں قائم ایمرجنسی سینٹر اورمٹھی کاکیمپ آفس 24گھنٹے کھلا ہوا ہے اورکسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں 021-34577114 اور 021-99251458 پر را بطہ کیاجاسکتاہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فائونڈیشن کی جانب سے بھی قحط سے متاثرہ دوردراز علاقوں میں جدید سہولتوں سے آراستہ 5 ایمبولینسیں، ڈاکٹرز و پیر امیڈیکل اسٹاف پرمشتمل عملہ روانہ کردیاگیاہے،میڈیکل ٹیم کے ہمراہ وبائی امراض سمیت دیگربیماریوں سے بچائوکی بھاری مالیت کی ادویہ بھی موجودہیں جبکہ بحریہ فاونڈیشن،پاک آرمی، الخدمت فاونڈیشن،فلاح انسانیت فاونڈیشن، قومی عوامی تحریک، سمیت دیگر مختلف سیاسی سماجی اورفلاحی تنظیمیں بھی متاثرین کو امدادی سرگرمیاں فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔متاثرین کومختلف اداروں کی جانب سے لگائے گئے دسترخوان پرکھانہ کھلانے کے علاوہ امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں